ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں 13 نومبر کو بھارت کے سب سے بڑے زیرِ زمین ایل پی جی اسٹوریج غار کا ورچوول افتتاح

منگلورو میں وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں 13 نومبر کو بھارت کے سب سے بڑے زیرِ زمین ایل پی جی اسٹوریج غار کا ورچوول افتتاح

Fri, 13 Nov 2026 03:09:45    S O News

منگلورو 12 / نومبر (ایس او نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو بنگلورو اور میسور کا دورہ کریں گے  اور مختلف پروگراموں میں شرکت کے دوران وہ 15,600 کروڑ روپے مالیت کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ ان منصوبوں میں منگلورو میں واقع بھارت کا سب سے بڑا زیرِ زمین ’لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس‘ (LPG) اسٹوریج غار بھی شامل ہے ۔ 

یاد رہے کہ اس ایل پی جی اسٹوریج غار کو 850 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور اس کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 80,000 میٹرک ٹن ہے ۔ وزیر اعظم مودی منگلورو میں اس ایل پی جی اسٹوریج غار کا ورچوول (آن لائن) افتتاح کریں گے ۔

ملک کی یہ سب سے بڑی زیرِ زمین ایل پی جی اسٹوریج سہولت منگلورو کے علاقے ’بالا‘ (Bala) میں تعمیر کی گئی ہے۔  اسے ’میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچرز لمیٹڈ  (MEIL) نے ’ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ  (HPCL) کے لیے تیار کیا ہے ۔ یہ سہولت بھارت کے پیٹرولیم ذخائر کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ ملک کا دوسرا زیرِ زمین ایل پی جی اسٹوریج غار ہے، جس سے توانائی کی حفاظت  میں اضافہ ہونے اور صاف توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بننے کی توقع ہے۔

اس زیرِ زمین ایل پی جی اسٹوریج سہولت میں چھ لاکھ بیرل، یعنی 60 ملین لیٹر لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس ذخیرہ کی جا سکتی ہے ۔ اسے دو الگ الگ زیرِ زمین چیمبرز کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، جن میں 40,000 میٹرک ٹن پروپین اور 60,000 میٹرک ٹن بیوٹین رکھی جا سکتی ہے۔ 


Share: