ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اقلیتوں کے وعدوں پر احتجاج کے بعد بی کے ہری پرساد کا بیان: کانگریس اپنے وعدے پورے کرے گی

اقلیتوں کے وعدوں پر احتجاج کے بعد بی کے ہری پرساد کا بیان: کانگریس اپنے وعدے پورے کرے گی

Fri, 13 Nov 2026 02:53:10    S O News
اقلیتوں کے وعدوں پر احتجاج کے بعد بی کے ہری پرساد کا بیان: کانگریس اپنے وعدے پورے کرے گی

بنگلورو، 13 نومبر (ایس او نیوز) کرناٹک میں اقلیتوں اور دلت تنظیموں کی جانب سے کانگریس حکومت کے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کے خلاف بنگلورو کے فریڈم پارک میں احتجاج کے فوری  بعد کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے صدر بی کے ہری پرساد نے کہا  کہ کانگریس نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں، انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے خاص طور پر تبدیلیٔ مذہب سے متعلق قانون کے بارے میں کہا کہ اسے 2022 میں جس طرح نافذ کیا گیا تھا، اسی طرح نافذ کیا جائے گا۔ ان کے اس بیان کو اقلیتی تنظیموں کے احتجاج کے پس منظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔

ہری پرساد نے جمعرات 12 نومبر کو کے پی سی سی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اقلیتوں اور دلت تنظیموں کے احتجاج سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس ذات اور مذہب کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتی بلکہ تمام طبقات کی آرا سنتی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اپنے وعدوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ہری پرساد کا یہ بیان اس لیے اہم ہے کہ کانگریس حکومت نے جون 2023 میں کابینہ کے اجلاس میں سابقہ بی جے پی حکومت کے منظور کردہ کرناٹک پروٹیکشن آف رائٹ ٹو فریڈم آف ریلیجن ایکٹ 2022 کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اس فیصلے کو قانون سازی کے ذریعے مکمل نہیں کیا جاسکا۔اقلیتی تنظیموں کا الزام ہے کہ حکومت کے تقریباً ساڑھے تین سال گزرنے کے باوجود اس وعدے پر عمل نہیں ہوا۔ ان تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ قانون کو محض ترمیم کرکے برقرار رکھنے کے بجائے مکمل طور پر منسوخ کیا جائے اور اس کے تحت درج مقدمات بھی واپس لیے جائیں۔ ہری پرساد کے 2022 جیسی ہیئت میں قانون نافذ کرنے کے بیان نے اس معاملے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

واضح رہے کہ 12 نومبر کو بنگلورو کے فریڈم پارک میں ’وائس آف مائنارٹیز اینڈ دی اپریسڈ سیکشنز آف کرناٹک‘ کے بینر تلے مختلف مذہبی، سماجی اور عوامی تنظیموں نے احتجاجی مظاہرہ  کیا تھا۔ اس میں آرچ بشپ پیٹر مچاڈو، مسلم مذہبی رہنماؤں، عیسائی و مسلم تنظیموں، کسانوں، دلت تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی تھی۔

احتجاج کے دوران کانگریس حکومت سے 2023 کے اسمبلی انتخابات میں کیے گئے اہم وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیاتھا، جن میں درج ذیل امور شامل تھے:
1) سابقہ بی جے پی حکومت کے منظور کردہ تبدیلیٔ مذہب مخالف قانون 2022 کی مکمل منسوخی۔
2) مسلمانوں کو او بی سی زمرے کے تحت سابقہ چار فیصد 2B ریزرویشن کی بحالی۔
3) نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی اور مجرموں کے خلاف سخت قانونی اقدامات۔
4) کرناٹک پریوینشن آف سلاٹر اینڈ پریزرویشن آف کیٹل ایکٹ 2020 کی منسوخی، تاکہ کسانوں، مویشی تاجروں اور ان سے وابستہ مزدوروں کے روزگار کا تحفظ ہوسکے۔

احتجاجی تنظیموں نے چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار کے نام ایک میمورنڈم بھی پیش کیا، جس میں ان وعدوں پر عمل درآمد کے لیے واضح مدت مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔  


Share: