بنگلورو،8/اکتوبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم وجنتادل سکیولر کے قومی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے پارٹی رہنماؤں کو آواز دی کہ اس مرتبہ بنگلور میں سب سے زیادہ اسمبلی نشستیں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ پدمانابھانگر اسمبلی حلقہ میں جنتادل سکیولر یوتھ کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے مزید کہاکہ تمام کو متحدہوکر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ چونکہ بنگلور شہر میں پارٹی کی جانب عوام کا جھکاؤ اور اپنے اقتدار کے موقع پر کئے گئے ترقیاتی کام ہی ان کی جیت کے ضامن ہیں۔ اس لئے یوتھ سطح پر پارٹی کی منظم کاری کے ذریعہ شہر میں زیادہ نشستیں دلائیں۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ پدمانابھانگر میں گوپال کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا جارہاہے۔ انہیں جیت دلانے کے لئے تمام کو متحد ہوکر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ سطح پر منظم کاری ہوئی تو حلقہ پر قبضہ کیاجاسکتاہے۔ اس لئے یوتھ سطح کے کارکن زیادہ محنت اور کوشش کرتے ہوئے ووٹروں کو پارٹی کی جانب لائیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) میں حسب توقع ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کے روبرو سرجھکانا پڑرہاہے۔ جنتادل سکیولر کے قومی سربراہ دیوے گوڈا نے کہاکہ پارٹی امیدواروں کے ناموں کو انہوں نے قطعیت دی ہے اور بہت جلد ہی ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ پارٹی رہنماؤں اور ریاستی عوام کاموقف یہ ہے کہ پارٹی کے ریاستی صدر وسابق وزیر اعلیٰ، ایچ ڈی کمار سوامی کو اگلا وزیراعلیٰ بنایا جائے۔ اس لئے کمار سوامی کے دور اقتدار کے 20؍ماہ کے دوران جو ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں اس کی مکمل تفصیلات عوام تک پہنچائیں اور پارٹی کارکن گھرگھر پہنچ کر کانگریس حکومت کی ناکامیوں اور کمار سوامی کے دور میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے بیداری پیدا کریں۔ دیوے گوڈا نے بتایاکہ بنگلور کے 28؍اسمبلی حلقہ جات کی ذمہ داری راجیہ سبھا کے رکن کپیندرا ریڈی سمیت 5؍افراد کو سونپی گئی ہے اور بنگلور کی ترقی کے لئے کمار سوامی کو دوبارہ اقتدار پر لانا ضروری ہے۔ اس موقع پر راجیہ سبھا رکن کپیندرا، رکن کونسل شراونا، سمیت پارٹی کے دیگر لیڈرس موجود تھے۔