ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار ٹاپرگھوٹالہ :تحقیقات کے بعد ہوئی کارروائی، امتحان میں نہیں ہوئی کوئی دھاندلی:نتیش کمار 

بہار ٹاپرگھوٹالہ :تحقیقات کے بعد ہوئی کارروائی، امتحان میں نہیں ہوئی کوئی دھاندلی:نتیش کمار 

Tue, 06 Jun 2017 14:58:37    S.O. News Service

پٹنہ،5؍جون (ایس او نیوز؍آ ئی این ایس انڈیا )بہار بورڈ کے 12ویں کے ٹاپر تنازعہ معاملہ میں وزیر اعلی نتیش کمار نے پہلی بار بیان دیا ہے۔وزیر اعلی نتیش کمار نے پیر کو کہا کہ آرٹ فیکلٹی میں ٹاپ کرنے والے گنیش کمار کا رزلٹ معطل کر دیا گیا ہے، ساتھ ہی اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔جانچ میں پتہ چلا ہے کہ گنیش نے دوسری بار امتحان دیا تھا ،اس کے بعد کارروائی کی گئی ہے۔وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ اس بار کے نتائج ہی بتا رہے ہیں کہ کتنی سختی سے امتحان لیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ امتحان میں دھاندلی یا کسی قسم کی گڑبڑی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال جب پرچہ جوابات کی جانچ ہونی تھی، اس وقت اساتذہ ہڑتال پر چلے گئے تھے، اس کے بعد بھی کاپیوں کی جانچ میں کسی بھی قسم کی گڑبڑی نہیں ہونے دی گئی۔معاملہ کے روشنی میں آنے کے بعد پولیس نے گنیش کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ بہار کے لوگ ہی ریاست کی شبیہ خراب کرنے کا کام کر رہے ہیں۔اس بار بہار بورڈ کا رزلٹ اس لیے خراب ہے، کیونکہ نقل اور چوری روکی گئی ہے، امتحان میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ہے۔وزیر اعلی نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے اور بڑی حد تک اس کا اثر بھی نظر آنے لگا ہے، یہ ہمارے سامنے ایک چیلنج ہے، جس کو ہم نے قبول کیا ہے۔غورطلب ہے کہ بہار اسکول ایگزامنیشن بورڈ (بی ایس ای بی )کے انٹرمیڈیٹ (12ویں کلاس)کا رزلٹ آنے کے بعد گھوٹالے کا پردہ فاش ہواتھا۔1990میں میٹرک کا امتحان پاس کرنے والے 42سالہ گنیش نے اس بار عمر کم دکھا کر دوبارہ 12ویں کے بورڈ کا امتحان دیا اور آرٹ فیکلٹی میں ٹاپ کر گیا۔1990میں گنیش کمار کا صحیح نام گنیش رام تھا۔والد کا نام شنکر ناتھ رام ہے، اس کی تاریخ پیدائش 7؍نومبر، 1975ہے۔گنیش کمار نے 1990میں میٹرک کا امتحان سی آر ایس اسکول سریا گریڈیہہ ( جھارکھنڈ)سے دیا تھا ، اس کے 25ال بعد 2015میں گنیش رام نے اپنا نام اور تاریخ پیدائش تبدیل کر لیا ۔گنیش نے 2015میں اپنی تاریخ پیدائش 2؍جون 1993دکھا کر بہار کے سمستی پور سے میٹرک کا امتحان دیا ۔گنیش کمار جھارکھنڈ کے گریڈیہ کا رہنے والا ہے، لیکن انٹر کی پڑھائی کرنے کے لیے وہ 250کلومیٹر دور بہار کے سمستی پور پہنچا۔یہاں اس نے رام نندن سنگھ جگدیش نارائن کالج میں 2015میں داخلہ لیا، اسے اس سال 12ویں کے رزلٹ میں میوزک (پریکٹکل) میں 70میں سے 65نمبرات حاصل ہوئے ہیں، جبکہ میوزک (تھیوری)میں 30میں سے 18نمبرات ملے ہیں۔اس کو کل 83نمبرات ملے ہیں اور اس نے ریاست میں میوزک میں ٹاپ کیا ہے۔گزشتہ سال بھی بہار انٹرکے امتحان کے آرٹ فیکلٹی کی ٹاپر رہی روبی رائے پر سوال کھڑے ہو گئے تھے، جس کے بعد اس کی گرفتاری بھی ہوئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ گذشتہ 30؍مئی کو جاری انٹرکے امتحانات کے نتائج میں 64فیصد طالب علموں کے ناکام ہو جانے سے ناراض طلبا کے پٹنہ میں واقع انٹر کاؤنسل ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاج کرنے کی وجہ سے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بہار اسکول کمیٹی کی طرف سے گزشتہ سال منعقد بارہویں کے امتحان میں ہوئے ٹاپرس گھوٹالہ معاملے میں کمیٹی کے چیئرمین لال کیشور سنگھ، ان کی بیوی اور سابق جے ڈی یو ایم ایل اے اوشا سنہا اور ویشالی ضلع کے ایک کالج کے پرنسپل بچہ رائے سمیت کئی دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔


Share: