منگلورو 4؍مئی (ایس او نیوز)۳۰ اپریل کو بیلتھنگڈی میں دھرمستلاکے قریب ایک اجنبی شخص کی جلی ہوئی لاش جو بر آمد ہوئی تھی، پولیس نے اس معمہ کو حل کرتے ہوئے خبر دی ہے کہ مہلوک کی شناخت سریش(۲۷ سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کا قتل کرکے لاش کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھوشن گلاب راؤ بوراسے کی طرف سے دئے گئے بیان کے مطابق گرفتار شدہ افراد کے نام آدی شکتی مہامئے مندر کا پجاری لوکیش (۳۴سال)،پرکاش (۳۱سال) ، ناگراج (۳۹سال)، ونئے(۳۰سال) اور پروین کی حیثیت سے کی گئی ہیں۔
پولس نے بتایا کہ ۳۰؍اپریل کوسریش کی منگنی جس لڑکی سے ہونے والی تھی، اس منگنی سے باز رکھنے کے لئے سریش کا قتل کیاگیا ہے، کیونکہ مبینہ طور پر لڑکی کسی اور نوجوان کے عشق میں مبتلا تھی اور وہ اس رشتے سے خوش نہیں تھی۔ بتایا گیا ہے کہ قتل کے منصوبے کو انجام دینے سے پہلے ونئے نامی نوجوان نے سریش کو فون کرکے اطلاع دی کہ سرکار کی طرف سے جاری گنگا کلیان اسکیم کے تحت اسے رقم دینا منظور کیا گیا ہے اس لئے وہ رقم پانے کے لئے اُجیرے نامی مقام پر آجائے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق خود اس کی ہونے والی منگیتر نے اسے ملنے کے لئے کہیں بلایا تھا۔ پھر ونئے نے اسے اومنی کار میں بٹھاکر سنسان جگہ پر لے گیا اور مذکورہ لڑکی سے منگنی اور شادی نہ کرنے کی وارننگ دی۔ سریش نے اس کی بات ماننے سے انکار کیا اور پولیس میں شکایت درج کرنے کی دھمکی دی۔ اس پر برہم ہوکر ونئے نے نائیلون کی رسی سے گلا گھونٹ کر سریش کا قتل کردیا۔اس کے بعداس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی ۔
نامعلوم شخص کی جلی ہوئی لاش ملنے کے بعد تحقیقات میں لگی ہوئی پولیس کو کچھ خاص سراغ ہاتھ لگے تھے جس کی بنیاد پر انہوں نے پہلے ونئے پر ہاتھ ڈالا اور اس سے سختی کے ساتھ تفتیش کرنے پر سارا منصوبہ سامنے آیا اور بقیہ ملزمین کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔اس کیس کو حل کرنے میں اے سی پی رویش سی آر، بیلتھنگڈی سرکل انسپکٹر ناگیش، دھرمستلا سرکل انسپکٹر راما نائک اور دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا ۔صرف چار دنوں کے اندر قتل کے اس معمے کو حل کرنے کی ستائش کرتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے تحقیقاتی ٹیم کو نقد15ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس رپورٹ سے منسلک اس سے قبل شائع رپورٹ: