ماسکو،5ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)روسی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ شام کے مشرقی شہر دیر الزور کے قریب انتہا پسند تنظیم داعش کے مسلح جنگجووں کی گولا باری کی زد میں آ کر دو روسی فوجی ہلاک ہو گئے۔خبر رساں اداروں نے روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ گولا باری کی زد میں آنے والا ایک روسی فوجی موقع ہی پر ڈھیر ہو گیا جبکہ دوسرا ہستپال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے روسی فوجی اپنے مصالحتی مرکز کی گاڑیوں کے قافلے میں شامل تھے جو متحارب گروپوں کے درمیاں صلح کرانے جا رہے تھے۔
ادھر شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا ہے کہ شامی فوج اور اس کی حلیف فورسز دیر الزور کی اس پاکٹ سے صرف تین کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں جو بشار الاسد کے زیر نگیں ہے اور وہاں موجود داعش مکمل طور پر ان کے گھیرے میں آ چکی ہے۔شامی فوج اور اس کے اتحادی دریائے فرات کے کنارے واقع اس شہر کو واگزار کرانے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ القاعدہ نے شامی فوج کی ایک بیس اور تقریبا 93ہزار شہریوں کو کئی برسوں سے محاصرے میں لے رکھا ہے۔