اڈپی، 15 / جون (ایس او نیوز) منی پال کی سڑک پر اُس وقت ایک بڑا حادثہ ٹل گیا جب چلتی اسکول بس میں ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑنے کے باوجود اُس نے ہوش سے کام لیا اور گاڑی بے قابو ہونے سے پہلے اُسے قدرے محفوظ جگہ پر روک دیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق آج صبح ایک پرائیویٹ اسکول کی بس میں بچوں کو لے جانے کے دوران اس بس کے ڈرائیور سریش سنکّی بیٹو (54 سال) کے سینے میں درد کے ساتھ طبیعت خراب ہوگئی ۔
سریش نے موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بس کو بے قابو ہونے سے پہلے کسی طرح سڑک کے کنارے لے جانے کی کوشش کی اور اس دوران یہ سڑک کے بیچ موجود ڈیوائڈر سے ٹکرا کر رک گئی ۔
خوش قسمتی سے بس میں موجود بچے پوری طرح محفوظ رہے اور انہیں کسی بھی قسم کی گہری چوٹ نہیں آئی ۔ عینی شاہدین اور افسران نے اس بات کی ستائش کی کہ ڈرائیور کی حاضر دماغی کی وجہ سے بہت بڑا المیہ ہوتے ہوتے رہ گیا ۔
مقامی افراد اور اسکول کے عملے نے بیمار ڈرائیور کو فوری طور پر اسپتال میں منتقل کرنے میں تعاون کیا جہاں اس کا علاج چل رہا ہے ۔