دمشق،18؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شام میں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز SDF کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رقّہ شہر کو بارودی سرنگوں اور داعش کے غیر فعّال گروپوں سے پاک کرنے کے ساتھ ہی سرکاری طور پر شہر کی فتح کا اعلان کر دیا جائے گا۔امریکا نے بھی رقہ کے مکمل طور پر کلیئر کیے جانے تک ایس ڈی ایف کی سپورٹ جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔ واشنگٹن کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ شہر میں ملبہ ہٹانے اور بنیادی خدمات کی دوبارہ فراہمی کے سلسلے میں کوششوں کی بھرپور معاونت کرے گا۔دوسری جانب داعش کے خلاف برسرِ پیکار بین الاقوامی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم کے تقریبا 400 ارکان نے خود کو واشنگٹن کی حمایت یافتہ ایس ڈی ایف کے حوالے کیا ہے جس نے منگل کے روز داعش کے سابقہ گڑھ پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔اتحاد کے ترجمان کرنل ریان ڈیلن نے باور کرایا کہ رقہ کا 90% داعش سے واپس لے لیا گیا ہے اور بقیہ علاقوں کو داعش کے بچے کھچے عناصر سے پاک کرنے کے لیے ایس ڈی ایف کی سپورٹ جاری رہے گی۔اس حوالے سے بچوں کے حقوق کی عالمی تنظیمSave The Children" " نے رقّہ میں شہریوں کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں کے مسائل کا سلسلہ داعش کے بعد بھی لمبے عرصے تک جاری رہے گا۔تنظیم کے اندازے کے مطابق تقریبا 2.7 لاکھ افراد رقّہ سے فرار ہوئے جن کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔