ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شنکر مورتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام،ایوان بالا میں حکمران کانگریس کو منہ کی کھانی پڑی

شنکر مورتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام،ایوان بالا میں حکمران کانگریس کو منہ کی کھانی پڑی

Fri, 16 Jun 2017 15:08:48    S.O. News Service

بنگلورو،15؍جون(ایس او نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کی چیرمین شپ سے ڈی ایچ شنکر مورتی کو ہٹانے حکمران کانگریس کی کوشش کو آج اس وقت زبردست دھکا پہنچا جب جنتادل (ایس) نے فطرتاً بی جے پی کا ساتھ دے دیا اور شنکر مورتی ایک ووٹ سے اس عہدہ پر برقرار رہ گئے۔ تیز رفتار سیاسی سرگرمیوں میں جنتادل (ایس) نے آج ایوان بالا کی چیرمین شپ کے عہدہ سے شنکر مورتی کو ہٹانے کیلئے کانگریس کی طرف سے درج تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران بی جے پی کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا اور جے ڈی ایس کے اس فیصلے سے شنکر مورتی کو مزید دو ماہ تک چیرمین شپ کے عہدہ پر بنے رہنے کا موقع مل گیا۔ کانگریس پارٹی نے شنکر مورتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد دائر کی تھی، جس پر آج ووٹنگ ہوئی ، ووٹنگ سے قبل جنتادل (ایس) لیجسلیچر پارٹی لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت میں منعقدہ اراکین کونسل کی میٹنگ میں یہ قرار داد منظور کی گئی کہ شنکر مورتی کو چیرمین بنے رہنے کیلئے جنتادل (ایس) تائید کرے گی۔اس فیصلے کے مطابق جے ڈی ایس اراکین نے بی جے پی کا ساتھ دیا۔ دو ماہ کے بعد جنتادل (ایس) نے اپنے سینئر رکن بسوراج ہوراٹی کو ایوان بالا کا چیرمین بنانے کی شرط رکھی اور بی جے پی کے ساتھ اپنی مفاہمت کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ بی جے پی نے بھی اس شرط کو تسلیم کرلیا، جس کے سبب کانگریس کی طرف سے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔ حالانکہ کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے بھی یہ پیش کش کی تھی کہ کانگریس بھی جے ڈی ایس لیڈر بسوراج ہوراٹی کو ایوان بالا کی چیرمین شپ دینے تیار ہے، لیکن جنتادل (ایس) رکن ٹی اے شرونا نے کہاکہ کانگریس نے فیصلہ لینے میں بہت تاخیرکی ہے، اسی لئے بی جے پی کا ساتھ دینا پڑا، کانگریس اگر جلد فیصلہ لے لیتی تو اس پر غو ر کیا جاسکتا تھا۔ ایوان بالا میں جے ڈی ایس کے نائب لیڈر کے پی سری کنٹے گوڈا نے کہاکہ دو ماہ تک شنکر مورتی چیرمین کے عہدہ پر بنے رہیں گے اور بعد میں جے ڈی ایس یہ عہدہ حاصل کرلے گی۔ بتایاجاتاہے کہ اپوزیشن لیڈر ایشورپا اور بی جے پی رکن وی سومنا نے ایوان کے ڈپٹی چیرمین مری تبے گوڈا کے کمرے میں کمار سوامی کے ساتھ میٹنگ کی اور جنتادل (ایس) کی شرط پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے شنکر مورتی کو چیرمین بنائے رکھنے کیلئے جے ڈی ایس کو راضی کرلیا۔ اس سے قبل کانگریس رکن بی ایس اگرپانے اس تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے الزام لگایا کہ شنکر مورتی نے اقرباء پروری کی ہے، آئین کے تقاضوں کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ بی جے پی ممبران نے جب ان الزامات پر اعتراض کیا تو ڈپٹی چیرمین مری تبے گوڈا نے ان جملوں کو ایوان کے ریکارڈ سے حذف کردیا۔ 


Share: