منگلورو 16؍ مئی (ایس او نیوز)دیرالکٹے میں واقع اینّاپویا اسپتال میں ایک مریض کے فوت ہوجانے پر برہم کچھ لوگوں کے ذریعے ڈاکٹر کی پیٹائی اور اغوأ کی واردات پیش آئی ہے۔
پولیس میں درج شکایت کے مطابق کنیا سے تعلق رکھنے والے ایک 65سالہ مریض کو آئی سی یو میں داخل کیاگیا تھا۔مگر ڈاکٹروں کی تمام کوشش کے باوجود اس کی موت ہوگئی۔فوت ہونے والے مریض کے40کے قریب رشتہ داروں کے ایک گروپ نے ڈاکٹرپر صحیح علاج نہ کرنے اور بے پروائی کا الزام لگاتے ہوئے اسپتال میں ہنگامہ مچادیا۔ اس دوران کچھ لوگ چھٹے منزلے کے آئی سی یو میں موجود ڈاکٹرابھیجیت شیٹی (اسسٹنٹ پروفیسر ایناپویا میڈیکل کالج)کے ساتھ مار پیٹ کی اور اسے نیچے مین گیٹ تک گھسیٹتے ہوئے لے آئے۔ پھر ایک وین میں اغوأ کرکے الال کی طرف لے گئے۔ دیگر ڈاکٹروں نے وین کاپیچھا کرتے ہوئے الال کے قریب اسے روک لیا اور پولیس کی مدد سے اغوأ کیے گئے ڈاکٹر ابھیجیت کو بچالیا گیا۔
ڈاکٹر کو اغواکرنے کے الزام میں جن تین لوگوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے ان کے نام نوفل،آصف اوراویس بتائے جاتے ہیں ، جبکہ وین کا ڈرائیور فرار موقع پر سے بھاگ جانے میں کامیاب ہوگیا ۔الزام یہ بھی ہے کہ اغواکرنے والوں نے ڈاکٹر کی سونے کی چین اور ہاتھ کی گھڑی بھی چھین لی ہے۔ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ڈاکٹرس الال پولیس اسٹیشن کے پاس جمع ہوگئے اور کیس درج کروایا۔الال پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔