ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور میں 'ہنی ٹریپ' کے ذریعے ڈاکٹر سے 14لاکھ روپے لوٹنے والے پولیس کے شکنجے میں

مینگلور میں 'ہنی ٹریپ' کے ذریعے ڈاکٹر سے 14لاکھ روپے لوٹنے والے پولیس کے شکنجے میں

Tue, 16 May 2017 12:40:33    S.O. News Service

منگلورو 16؍ مئی (ایس او نیوز) منگلورو شہر میں ہائی ٹیک انداز میں جسم فروشی کا دھندہ چلانے، خوبصورت عورتوں کے جال ''ہنی ٹریپ ' اور بلیک میل کرنے والے ریکیٹس کافی سرگرم ہوگئے ہیں۔ اسی قسم کی تازہ واردات شہر کے ایک مشہور اور سینئر ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے کی اطلاع ملی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق منگلورو کے ایک بہت ہی معروف اسپتال سے وابستہ مشہور سینئر ڈاکٹر کوخوبصورت خاتون کے ساتھ عیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کا جھانسہ دینے کے بعد اسے بلیک میل کرتے ہوئے 14لاکھ روپے وصول کرنے والے گروہ کا کدری پولیس نے پردہ فاش کیا ہے اور اس ہنی ٹریپنگ کیس میں ملوث تین ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔جبکہ اس سازش میں شامل خاتون اوربقیہ تین ملزمین مفرور بتائے جاتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ الال کے محمد رانجی کے مذکورہ ڈاکٹر سے ایک زمانے سے قریبی تعلقات تھے، جسے خوبصورت خواتین کے ساتھ عیش کرنے کا بڑا چسکہ تھا۔ محمد رانجی کو ڈاکٹر کی اس کمزوری کا پتہ تھا، اس لئے اس نے اپنے ایک اور دوست محمد صادق کے ساتھ مل کر ڈاکٹر کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا۔پھر منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان دونوں نے ایک خوبصورت عورت اور دیگر کچھ لوگوں کو اس میں شامل کرلیا۔

سازشی منصوبے کے مطابق محمد رانجی نے ڈاکٹرکے سامنے ایک خوبصورت عورت سے متعارف کرنے کی تجویز رکھی جو اس کو بہت ہی زیادہ جنسی سرور اور کیف دے سکتی ہے۔ ڈاکٹر جب راضی ہوگیاتو رانجی نے اس عورت کے ساتھ مالی کٹے بس اسٹانڈ کے قریب پہنچ کر فون کرکے ڈاکٹر کو اس مقام پر بلایا اور ڈاکٹر کی کار میں وہاں سے تینوں افراد کدری کے پاس جوس سینٹر گئے۔ وہاں سے خاتون ڈاکٹر کو لے کر ایک شاپنگ سنٹر کے اندر گئی، تو کار  میں ہی بیٹھے ہوئے محمد رانجی نے اپنے دوسرے ساتھی صادق کو اطلاع دی کہ اب تھوڑی ہی دیر میں وہ طے شدہ مقام پر ڈاکٹر اور خاتون کے ساتھ پہنچنے والا ہے۔

جب ڈاکٹر کی کار مالی کٹے سرکل کے قریب پہنچی تو منصوبے کے دوسرے مرحلے کو انجام دینے کے لئے نارائن سالیان، راکیش اور ان کے دو اور ساتھی وہاں پہنچ گئے  اور اپنے آپ کو پولیس افسران بتاتے ہوئے انہوں نے ڈاکٹر سے کار میں موجود خاتون کے تعلق سے سوالات شروع کردئے پھر ڈاکٹر کی کار اپنے قبضے میں لیتے ہوئے سومیشور کے علاقے میں لے آئے۔یہاں ایک کمرے میں لے جاکر ڈاکٹر کو کپڑے اتارنے پر مجبور کیا اور خاتون کے ساتھ فحش انداز میں تصویریں اتاریں۔پھر اس کے بعد سوشیل میڈیا پر ان تصویروں کو اپ لوڈ کرنے اور ڈاکٹر کی شہرت اور عزت کو خاک میں ملانے کی دھمکی دیتے ہوئے ایک بڑی رقم کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر نے مجبور ہوکر 14لاکھ روپوں پر معاملہ طے کیا، مگر اپنے پاس نقد رقم نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے Real Time Gross Settlement (RTGS)کے ذریعے ان بیلک میلروں کے اکاونٹ میں رقم ٹرانسفر کروادی۔

لیکن کچھ دنوں بعد دوبارہ رانجی نے رقم کا مطالبہ کیا تو ڈاکٹر نے کدری پولیس اسٹیشن میں ملزمین کے خلاف شکایت درج کروائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا ، جنہیں عدالتی حراست میں بھیج  دیا گیا ہے۔بقیہ مفرور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
 


Share: