نئی دہلی، 6؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی نے ان خبروں کو جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے جس میں میگھالیہ میں بیف پر پابندی لگانے کی بات کہی گئی ہے۔بی جے پی نے کہا کہ اس طرح کا کوئی فیصلہ ریاستی حکومت پر منحصر ہے۔دریں اثنا، مرکز کی جانب سے مویشیوں کو لے کر جاری متنازعہ نوٹیفکیشن کی مخالفت کے طورپرمیگھالیہ کے دوبی جے پی لیڈروں نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔میگھالیہ کے بی جے پی انچارج نلن کوہلی نے کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے اسے جھوٹ کے پھیلاؤ کے لیے مورد الزام ٹھہرایا اور اگلے سال ہونے والے انتخابات میں ریاست میں سیاسی ایجنڈے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کا الزام لگایا۔ادھر، میگھالیہ کے شمالی گارو ہلس ضلع کے بی جے پی صدر، باکو مارک نے کل مذبح خانوں کو جانوروں کی فروخت کو لے کر مرکز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پارٹی سے استعفی دے دیاتھا۔مارک کا کہنا ہے کہ میں گارو کمیونٹی کے جذبات سے سمجھوتہ نہیں کر سکتا،ایک گارو کے طور پر یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنی کمیونٹی کے مفادات کی حفاظت کروں، بیف کھانا ہماری ثقافت اور روایت کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے غیر سیکولر نظریات کو وہ قبول نہیں کرتے۔کوہلی نے باکو مارک کے استعفی کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ پارٹی ان پر تادیبی کارروائی کرنے کی تیاری میں تھی۔