نئی دہلی،5؍جون (ایس او نیوز؍آ ئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے بریلی میں ہوئے اندوہناک بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ اور زخمیوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بریلی میں بس حادثے دل دہلا دینے والاہے ۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں اموات پر میں افسوس کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد سے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔پی ایم او نے بریلی میں ہوئی حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم قومی امدادی فنڈ سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 2لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیاہے۔قابل ذکرہے کہ اتوار دیر رات کو اترپردیش کے بریلی میں ایک اندوہناک حادثے میں 22افراد کی دردناک موت ہو گئی تھی ۔دہلی سے گونڈہ جارہی روڈویز بس بریلی میں ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ٹکر ہوتے ہی بس کا ڈیزل ٹینک پھٹ گیااوردونوں گاڑیاں جل کرخاکستر ہوگئیں ، لوگوں کوسنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔اس میں سوار زیادہ تر مسافرین کی جلنے سے موت ہو گئی، مرنے والوں کی تعداد میں اور بھی اضافہ ہو سکتا ہے،حادثے میں 15افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔