ہوناور 20؍مئی (ایس او نیوز) ہوناور شہر میں گندے پانی کی نکاسی کے لئے انڈر گراونڈ ڈرینیج(یو جی ڈی) بنانے کے کام کو غیر معیاری انداز میں انجام دئے جانے کے خلاف عوام نے اعتراض جتاتے ہوئے احتجاج کیا تو افسران نے مجبور ہوکر ٹھیکے دار کو کام آگے بڑھانے سے روک دیا۔
عوام کے اعتراض اور ہنگامہ کھڑا کرنے پر جب تحصیلدار وی آر گوڈ انے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا توانہیں یو جی ڈی کاتعمیری کام نہایت غیر معیاری ہونے کا اعتراف کرنا پڑا اور انہوں نے ٹھیکے دار ہری ناتھ کو فوری طورپر کام روکنے کا حکم جاری کردیا۔ کہتے ہیں کہ ٹھیکے دار نے نہ صرف غیر معیاری کام کیا تھا بلکہ سڑک کے بیچ کھودے ہوئے گڈھوں کو صرف مٹی سے بھرنا شروع کیاتھا جو چند ہی دنوں میں عوام کے لئے دشواری کا سبب بن جاتا۔
عوام نے پٹن پنچایت کے دفتر پہنچ کر اس سلسلے میں اعتراض جتاتے ہوئے چیف افیسر ارون نائک سے سوال کیا کہ کھدائی کے بعد بھرے ہوئے گڈھو ں کے اوپر تارکول بچھانے کا کام کب شروع کیا جائے گا۔کہتے ہیں کہ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے ان کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ یہ کام ڈرینیج کا منصوبہ پورا کرنے والوں کاہے۔پھر عوام کے تیور دیکھ کرچیف افیسر، جونیئرانجینئراور تحصیلدار وغیرہ نے اس جگہ پہنچ کر معائنہ کیا جہاں پر یہ کام جاری تھا۔اور عوام کی اس بات کو درست پایا کہ تعمیری کام بہت ہی غیر معیاری انداز میں کیا گیا ہے۔ٹھیکے دار ہری ناتھ کوجب فون کے ذریعے موقع پر بلایا گیا تو وہ آنے کے لئے تیار نہیں ہوا۔ اس پر عوام کا ایک گروپ ٹھیکے دار کے دفتر پہنچ کر اسے اپنے ساتھ موقع پر لانے میں کامیاب ہوا۔ تب عوام کے روبرو ٹھیکے دار نے مان لیا کہ صرف اسی مقام پر ڈرینیج تعمیر کا کام غیر معیاری ہواہے، بقیہ تمام جگہوں پر اطمینان بخش اور معیاری کے مطابق کام پورا کیا گیا ہے۔
عوام نے افسران کو دھمکی دی ہے کہ اگر سوموار سے گٹر کے لئے کھودی گئی سڑکوں پر تارکول بچھانے اور پختہ انداز میں سڑک کو درست کرنے کا کام شروع نہیں کیا گیا تو پارٹی وابستگی سے ہٹ کر عوامی مفاد کے لئے یوجی ڈی بورڈ اور پٹن پنچایت کے خلاف زبردست عوامی احتجاج کیا جائے گا۔