نئی دہلی، 15؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کے آبی وسائل اورسیاحت کے سابق وزیرکپل مشرانے چھٹے دن اپناانشن توڑدیاہے۔کپل اب منگل کووزیراعلیٰ اروندکیجریوال کے خلاف ثبوت سونپنے کے لیے سی بی آئی کے پاس جائیں گے۔کپل مشرا اتوار کو عام آدمی پارٹی کے خلاف جاری کئے گئے سارے دستاویزات سی بی آئی کوسونپیں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیر نے پارٹی پر بدعنوانی کے کئی سنگین الزام لگائے ہیں اور پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ آپ گزشتہ تین سالوں سے بلیک منی کو سفید کر رہی ہے۔کپل مشرا نے اسپتا ل کے اندر ڈاکٹروں کی موجودگی میں اپنی بھوک ہڑتال ختم کی ۔کپل نے کہا کہ منگل کو 11بجے سی بی آئی سی بی ڈی ٹی جاؤں گا اور شکایت دوں گا، جو لوگ مذاق اڑا رہے ہیں ، ان کو بتا دوں کہ پانچ دن بھوک ہڑتال کے بعد اسپتا ل آیا۔کیجریوالجی کھانسی میں 15دن کے لیے اسپتا ل چلے جاتے ہیں، کیجریوال پردے کے پیچھے چھپ کے بیٹھے ہیں، بیوی کوسامنے لاتے ہیں۔عام آدمی پارٹی کی طرف سے خود کو اور نیل کو بی جے پی کا ایجنٹ بتائے جانے سے ناراض کپل مشرا نے ایک تصویر شیئر کی ہے ، جس میں نیل کیجریوال کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔کپل مشرا نے پیر کی صبح عام آدمی پارٹی کے لیڈروں اوروزیراعلیٰ کیجریوال پر نشانہ سادھتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ پہلے وہ خاموشی اختیار کریں گے ، توجہ بھٹکائیں گے ، جھوٹی تصاویراور ویڈیو وائرل کریں گے، سچ سے بچنے کی کوشش کریں گے اور پھر جیل جائیں گے۔دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکیجریوال پر بدعنوانی کا الزام لگانے والے دہلی کابینہ کے ہی سابق وزیر کپل مشرا اتوار 14؍مئی کو پریس کانفرنس کے دوران بے ہوش ہوگئے تھے۔کپل نے عام آدمی پارٹی کی فنڈنگ سے لے کر لیڈروں کے غیر ملکی دوروں پر بھی سوال اٹھائے تھے۔کپل کے مطابق فرضی کمپنیوں اور لوگوں کے ذریعے پارٹی کو چندہ دیا گیا۔