کاروار 14؍اپریل (ایس او نیوز) ڈاکٹر امبیڈکر اور بابو جگجیون رام کی جینتی کے موقع پرکاروار رنگ مندر میں خطاب کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کہا کہ آج ڈاکٹر امبیڈکر کے خیالات اور ان کی سوچ کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر سے صرف جذباتی لگاؤ رکھنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ ماقبل آزادی اور آزادی کے بعد انہوں نے اپنے فکر وعمل سے اس ملک کو جو نیا رخ دیا اسے سمجھنے اور اس کے مطابق آج کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔اس لئے جذبات سے زیادہ ان کے نظریات کو اہمیت دینی چاہیے۔اس کے لئے امبیڈکر کی تقاریر اور مضامین سے استفادہ کرنااور حقیقی امبیڈکر کو پہچاننا ہوگا۔
مسٹر نکول نے کہا کہ ہندوستان کا دستورکچھ بنیادی اصولوں پر مبنی ہے۔ مگر آج کے حالات اور ان دستوری اصولوں میں کافی فرق پیدا ہوگیا ہے۔ اس فرق کو مٹانے کا راستہ بھی اسی دستور میں موجود ہے۔دستور کے مقاصد اور اس کے تقاضوں کو صحیح طریقے سے سمجھنے پر یہ مسائل حل ہوجائیں گے۔
پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بلدیہ کے صدر گنپتی نائک نے کہا کہ امبیڈکر اور جگجیون رام جیسی اہم شخصیات کبھی کبھار ہی جنم لیتی ہیں۔جن کی دوراندیشی اور نظریات سے ہمارے دیش کو آگے بڑھانے میں مدد ملی ہے۔ایس بی جوگور نے ڈاکٹر امبیڈکر اوروٹھل بھنڈاری نے جگجیون رام کی حیات و خدمات پر خصوصی خطاب کیا ۔اس موقع پر ضلع پنچایت سی ای او مسٹر چندرا شیکھر نائک، ضلع ایس پی ونائک پاٹل،پروبیشنری آئی اے ایس افیسر فوزیہ ترنم وغیرہ موجود تھے۔پروگرام کے دوران مختلف اسکیموں کے تحت فیضیاب ہونے والوں کو چیک بھی تقسیم کیے گئے۔پروگرام سے قبل ڈاکٹر امبیڈکر اور جگجیون رام کی تصاویر کے ساتھ ایک جلوس نکالا گیا جسے ضلع پنچایت دفتر کے احاطے میں ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے ہری جھنڈی دکھائی۔ضلع کے مختلف مقامات سے تشریف لانے والے فنکاروں کے مختلف گروپس اس جلوس میں شامل تھے۔