نئی دہلی،8؍اکتوبر (ایس و نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )بھارتی ایئرفورس آج85 ویں سالگرہ کا جشن منا رہی ہے اس موقع پر غازی آباد کے ہنڈن ائیر بیس پر فضائیہ کے لڑاکا طیاروں،اورہیلی کاپٹروں نے فلائی پاسٹ کیا.،پہلی بار نو ہاک طیاروں کے علاوہ شمسی روشنی کے ساتھ دیسی ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر ’دھرو‘ نے ببھی آسمان میں اپنی قلابازیاں دکھائی ۔ فلائی پاسٹ کی کمان سکھوئی 30 ایم کے آئی کے ہاتھوں میں تھی ۔ س کے علاوہ 4 جگوار، 4 مگ۔21 بائسن، ایک دیسی تیجس، 4 مگ ۔29، ٹائیگر موتھ اور ہاورڈ جیسے پرانے طیاروں نے بھی پرواز کا مظاہرہ کیا ۔ فضائیہ کے دن کے موقع پراپنے خطاب میں ایئر چیف بی ایس د ھنوا نے کہاہے کہ فضائیہ شارٹ نوٹس پر بھی جنگ کے لئے تیار ہے۔فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ سال پٹھان کوٹ میں ایئر فورس اسٹیشن پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کو دیکھتے ہوئے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے تمام ہوائی اڈوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔گزشتہ سال جنوری میں، دہشت گردوں نے سرحد پار کر کے ہندوستانی حدود میں داخل ہوئے تھے اورفوجی ایئر بیس پر حملہ کیاتھا جس کے نتیجے سات سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے اور چار دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔دھنوا نے کہا کہ ایئر فورس ملک بھر میں کسی بھی سیکورٹی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فضائیہ کثیر جہتی اسٹریٹجک صلاحیتیں حاصل کر رہی ہے بری فوج اور بحریہ کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر کام کرنے کے لیے مصروفِ عمل ہے۔