ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ریاستی حکومت نے تشکیل دی 248 پولیس اہلکاروں پر مشتمل اینٹی کمیونل ٹاسک فورس - کمان سنبھالیں گے پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی

ریاستی حکومت نے تشکیل دی 248 پولیس اہلکاروں پر مشتمل اینٹی کمیونل ٹاسک فورس - کمان سنبھالیں گے پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی

Thu, 12 Jun 2025 17:33:08    S O News
1087739-sp-sudeer-kumar-reddy (1)


بینگلورو  ، 12 / جون  (ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے 248 پولیس اہلکاروں کو ایک نو تشکیل شدہ فرقہ وارانہ تشدد کنٹرول فورس میں تعینات کیا ہے جس کا مقصد ریاست کے ساحلی اور ملناڈ علاقوں میں انتقامی ہلاکتوں اور فرقہ وارانہ بدامنی  کے سلسلے کو روکنا ہے۔ 
   
ایک سرکاری حکم نامہ کے مطابق منگلورو شہر کے پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی کو  اس خصوصی یونٹ کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے ۔

یہ فورس دکشن کنڑا کے ساحلی اضلاع اور اڈپی کے ساتھ  ساتھ  ملناڈ علاقے میں شیموگا ضلع میں بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ کشیدگی سے نمٹنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ 
   
ڈائریکٹر جنرل اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی-آئی جی پی) ڈاکٹر ایم اے سلیم نے 248 اہلکاروں کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جن میں تین انسپکٹرز بھی شامل ہیں جو پہلے ریاست کی اینٹی نکسل فورس (اے این ایف) میں شامل تھے ۔

   حکم نامہ کے مطابق فرقہ وارانہ تشدد کنٹرول فورس اگلے احکامات تک ویسٹرن رینج کے آئی جی پی امیت سنگھ کو رپورٹ کرے گی ۔ یہ یونٹ دکشن کنڑا، اڈپی اور شیموگا اضلاع کے حدود میں کام کرے گی ۔

 حالیہ برسوں میں ساحلی علاقے میں انتقامی قتل کا ایک سلسلہ دیکھا گیا ہے جو عوامی ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے کے ساتھ  امن و امان کے نظام  کے لئے ایک چیلنج بن گیا ہے ۔ قابل ذکر حالیہ واقعات میں دکشن کنڑا میں ہوئے اشرف، سہاس شیٹی اور عبدالرحمٰن کے قتل شامل ہیں ۔ 
   
ریاستی حکومت نے خاص طور پر اس طرح کے واقعات سے نمٹنے اور امن کی بحالی کے لیے اس  فورس کی تشکیل کی ہے ۔

ریاستی محکمہ داخلی امور اس فورس کو اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کے ذریعے  مرحلہ وار مزید مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ اس فورس کے اہلکار خصوصی اختیارات، یونیفارم اور گاڑیوں سے لیس ہوں گے ۔ اینٹی کمیونل فورس میں شامل کیے گئے افسران کے لیے اُڈپی ضلع کے کارکلا میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں تربیت دی جائے گی ۔


Share: