بنگلورو ، 19/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ریاستی وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال، معذورین اور بزرگ شہریوں کی بہبود لکشمی آر ہیبالکر نے اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے تحت آنگن واڑی کارکنان اور معاونین کے اعزازیہ میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ان کی سروس سکیورٹی اور کم از کم اجرت کے تعین پر بھی غور جاری ہے۔
انہوں نے کرناٹک اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن اسمبلی درشن پُٹّنیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ آنگن واڑی اور آشا کارکنان دیہی سطح پر حکومت کی اہم کڑی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور عوام تک سرکاری سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیر موصوفہ کے مطابق بجٹ 2025-26 کے تحت آنگن واڑی کارکنان کے اعزازیہ میں 1000 روپے جبکہ معاونین کے لیے 750 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ان کارکنان کی تنخواہوں پر مزید نظر ثانی کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کرناٹک ریاست آنگن واڑی اور آشا کارکنان کو اعزازیہ دینے کے معاملے میں ملک میں چوتھے مقام پر ہے۔ فی الحال ان کے اعزازیہ میں مرکزی حکومت کا حصہ 9800 روپے اور ریاستی حکومت کا حصہ 2700 روپے ہے، تاہم مرکزی حکومت کی جانب سے حصہ بروقت موصول نہیں ہو رہا، جس کے لیے مرکز کو تجویز بھی ارسال کی گئی ہے، لیکن ابھی تک کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔
وزیر نے یہ بھی بتایا کہ اب تک 5000 آنگن واڑی مراکز کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید 5000 مراکز کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ آنگن واڑی کارکنان کی فلاح و بہبود، سروس تحفظ اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی۔