ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اعظم خان نے ای ڈی کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں کیا چیلنج، اسی ہفتے سماعت متوقع

اعظم خان نے ای ڈی کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں کیا چیلنج، اسی ہفتے سماعت متوقع

Mon, 02 Nov 2026 17:21:17    S O News

نئی دہلی   ، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم خان نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اعظم خان کی عرضی پر اسی ہفتے سماعت ہو سکتی ہے۔ ان کے وکیل نظام پاشا نے پیر کے روز چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) جسٹس سوریہ کانت کی صدارت والی بنچ کے سامنے معاملہ پیش کیا اور جلد سماعت کی درخواست کی۔ اس پر سی جے آئی نے عرضی کو اسی ہفتے سماعت کے لیے فہرست بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ واضح رہے کہ اعظم خان کو 29 اکتوبر کو دوہرے پین کارڈ معاملے میں ضمانت ملی تھی۔

اعظم خان نے اپنی عرضی میں 31 اکتوبر کو رام پور جیل سے رہائی کے محض 40 منٹ بعد ای ڈی کے ذریعہ گرفتاری کو چیلنج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رہائی کے فوراً بعد کی گئی اس کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اعظم خان نے غازی آباد کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت کی جانب سے انہیں 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیجنے کے حکم کو بھی منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو دوہرے پین کارڈ معاملے میں الہٰ آباد ہائی کورٹ سے راحت ملی تھی۔ 29 اکتوبر کو ہائی کورٹ نے دونوں کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت منظور کی تھی۔ اس کے بعد 31 اکتوبر کو اعظم خان رام پور جیل سے باہر آئے، لیکن جیل سے باہر آنے کے 40 منٹ بعد ہی ای ڈی نے انہیں جوہر یونیورسٹی اور مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ سے وابستہ منی لانڈرنگ معاملے میں گرفتار کر لیا۔ اس کے بعد یکم نومبر کو ای ڈی نے اعظم خان کو غازی آباد کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے انہیں 14 دنوں کے لیے عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔

اب اعظم خان نے ای ڈی کی گرفتاری سے لے کر عدالتی حراست کے حکم تک کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں اعظم خان کی گرفتاری کی قانونی حیثیت اور عدالتی حراست کے حکم کو چیلنج کرنے والے ان کے دلائل پر غور کیا جائے گا۔ غور طلب ہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم خان کو دوہرے پین کارڈ معاملے میں 17 نومبر 2025 کو 7-7 کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا کے بعد دونوں کو اسی دن حراست میں لے کر رام پور ضلع جیل میں بھیج دیا گیا تھا۔ تقریباً 348 دنوں تک دونوں جیل میں رہے۔ اس فیصلے کے خلاف دونوں نے سیشن کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ 20 اپریل 2026 کو اپیل خارج ہوئی اور سزا برقرار رہی۔ پھر دونوں نے ہائی کورٹ کا رخ کیا۔ 29 اکتوبر کو ہائی کورٹ نے اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو ضمانت دے دی تھی۔


Share: