ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں کنٹینر کی ٹکر سے اسکوٹر سوار جاں بحق

بھٹکل میں کنٹینر کی ٹکر سے اسکوٹر سوار جاں بحق

Sat, 31 Oct 2026 21:56:25    S O News
بھٹکل میں کنٹینر کی ٹکر سے اسکوٹر سوار جاں بحق

بھٹکل، 31 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے عثمان نگر سیکنڈ کراس کے قریب پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں اسکوٹر سوار کی موت واقع ہوگئی۔ مہلوک کی شناخت محمد قاسم (60 سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے، جو پیشے سے درزی بتائے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق محمد قاسم بھٹکل اولڈ بس اسٹینڈ کے قریب واقع اپنی ٹیلرنگ کی دکان بند کرکے اسکوٹر پر گھر واپس گلمی جارہے تھے۔ اسی دوران قدوائی روڈ سے نیشنل ہائی وے عبور کرکے گلمی کی طرف بڑھتے ہوئے، مینگلور سے ہوناور کی جانب جانے والے ایک کنٹینر نے ان کے اسکوٹر کو زور دار ٹکر مار دی۔

عینی شاہدین کے مطابق کنٹینر کی ٹکر سے اسکوٹر سوار سڑک پر گر پڑے اور کنٹینر اسکوٹر کو کئی گز تک گھسیٹتا ہوا لے گیا۔ اس دوران محمد قاسم کنٹینر کے پہیوں تلے بری طرح کچلے گئے، جس کے نتیجے میں انہوں نے جائے وقوع ہی پر دم توڑ دیا۔

حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی، جبکہ اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ جائے حادثہ پر جمع ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔

حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے نیشنل ہائی وے حکام کی لاپروائی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ قدوائی روڈ سے گلمی اور ریلوے اسٹیشن کی جانب جانے والی سڑک کے لیے نہ تو کوئی ٹریفک سگنل نصب کیا گیا ہے اور نہ ہی گاڑیوں کی رہنمائی کے لیے کوئی ڈائریکشن بورڈ لگایا گیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کی توسیع اور تعمیر کا کام ابھی مکمل بھی نہیں ہوا ہے، لیکن اس راستے پر سڑک حادثات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ لوگوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل مرڈیشور بستی کے قریب نیشنل ہائی وے پر بھی اسی نوعیت کا حادثہ پیش آچکا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ کسی اور بڑے حادثے کا انتظار کیے بغیر متعلقہ حکام فوری طور پر گلمی اور ریلوے اسٹیشن جانے والی سڑک کے لئے انڈرپاس تعمیر کیاجائے ساتھ ساتھ ضروری ٹریفک سگنلس اور رہنمائی کے بورڈ بھی نصب کئے جائیں تاکہ ایسے حادثات کی روک تھام ہوسکے۔

Click here for report in English 


Share: