ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بانو مشتاق کنڑا ادبی کانفرنس کی صدر منتخب،بیلاری میں دسمبر میں ہوگا 88 واں آل انڈیا ساہتیہ سمیلن

بانو مشتاق کنڑا ادبی کانفرنس کی صدر منتخب،بیلاری میں دسمبر میں ہوگا 88 واں آل انڈیا ساہتیہ سمیلن

Mon, 30 Jun 2025 12:26:18    S O News
بانو مشتاق کنڑا ادبی کانفرنس کی صدر منتخب،بیلاری میں دسمبر میں ہوگا 88 واں آل انڈیا ساہتیہ سمیلن

بیلاری، 30 جون (ایس او نیوز/ایجنسی)بین الاقوامی شہرت یافتہ کنڑا ادیبہ محترمہ بانو مشتاق کو 88 ویں کل ہند کنڑا ساہتیہ سمیلن کی صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ اعلان کنڑا ساہتیہ پریشد کی ایگزیکیٹو کمیٹی کی میٹنگ کے بعد کیا گیا، جس کی صدارت ریاستی صدر مہیش جوشی نے کی۔

یہ تاریخی ادبی اجلاس دسمبر 2025 میں ضلع بیلاری میں منعقد کیا جائے گا، جس میں ملک بھر سے کنڑا زبان سے جڑے ممتاز ادباء، دانشور، ادب نواز، اساتذہ اور طلبہ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر مہیش جوشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محترمہ بانو مشتاق کا انتخاب متفقہ طور پر عمل میں آیا ہے اور یہ نہ صرف ان کی ادبی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ کنڑا ادب کے لیے بھی باعث فخر موقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی مادری زبان پر فخر ہونا چاہیے، لیکن افسوس ہے کہ آج کے بچے اپنی زبان سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

محترمہ بانو مشتاق حالیہ برسوں میں کنڑا ادب کی نمائندگی عالمی سطح پر کرنے والی نمایاں شخصیت کے طور پر ابھری ہیں۔ ان کی مشہور تصنیف ہارٹ لیمپ کو بین الاقوامی بُکَر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، جو کسی کنڑا ادیبہ کے لیے ایک تاریخی کامیابی مانی جاتی ہے۔

ادبی حلقوں کا کہنا ہے کہ بانو مشتاق کی قیادت میں ہونے والا یہ ساہتیہ سمیلن کنڑا ادب کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نئی نسل میں مادری زبان کے تئیں بیداری پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔

ادھر کنڑا ساہتیہ پریشد اور ریاستی حکومت کی جانب سے اس ادبی میلے کے شاندار انعقاد کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، جس میں روایتی، تخلیقی اور عصری ادب کے مختلف پہلو زیرِ بحث آئیں گے۔


Share: