بنگلورو، 16 /اگست (ایس او نیوز/ایجنسی): بنگلورو کے ویلسن گارڈن علاقے میں جمعہ کی صبح پیش آئے ایک دلخراش واقعے میں ایل پی جی سلنڈر دھماکہ سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ 12 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اس حادثے میں آٹھ سے دس مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور متعدد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ یہ سانحہ آڈگوڈی پولیس اسٹیشن کی حدود میں چننیان پالیا کے سری راما کالونی میں پیش آیا۔
متوفی بچے کی شناخت مبارک کے طور پر ہوئی ہے، جو اس وقت پڑوسی کے مکان میں موجود تھا۔ دھماکے کے وقت متاثرہ خاندان کا سربراہ صبح سویرے کام پر جا چکا تھا جبکہ اس کی بیوی اور بچہ زخمی ہوئے۔ پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا اور حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دھماکہ سلنڈر کے لیک ہونے سے ہوا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ *سدارامیا* وزیر ٹرانسپورٹ *رام لنگا ریڈی* اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ جائے حادثہ پہنچے۔ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان کو پانچ لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا اور کہا کہ زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے پولیس کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔
پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ کرایہ دار خاندان کے مکان میں پیش آیا، جہاں سلنڈر کے لیک ہونے سے اچانک دھماکہ ہوا۔ اس اندوہناک واقعے نے ایک بار پھر رہائشی علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور بنیادی ڈھانچے کی کمزوریوں کو نمایاں کر دیا ہے۔