ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: ہائی ٹینشن پول پر بیٹھے طوطے کو بچانے کی کوشش میں نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک

بنگلورو: ہائی ٹینشن پول پر بیٹھے طوطے کو بچانے کی کوشش میں نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک

Sat, 13 Dec 2025 01:27:39    S O News

بنگلورو، 12 دسمبر (ایس او نیوز): شہر کے گیری نگر علاقے میں پیش آئے ایک دلخراش حادثے میں 32 سالہ نوجوان اس وقت ہلاک ہوگیا جب وہ اپنے رشتہ دار کے قیمتی طوطے کو ہائی ٹینشن بجلی کے کھمبے سے بچانے کی کوشش کررہا تھا۔ مہلوک کی شناخت ناگمنگلا کے رہائشی ارون کمار کے طور پر کی گئی ہے۔arun-kumar

پولیس کے مطابق، ارون کمار کئی برسوں سے گیری نگر کے ویرابھدر نگر میں واقع اپنے ایک رشتہ دار کی دکان میں کام کررہا تھا، جبکہ اس کی رشتہ دار لکھیتا قریبی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھیں۔ لکھیتا نے کچھ عرصہ قبل ایک غیر ملکی اور تقریباً دو لاکھ روپے مالیت کا طوطا خریدا تھا، جسے وہ اپنے فلیٹ میں پال رہی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ارون بھی اس طوطے کو بہت چاہت سے دیکھ بھال کرتا تھا۔

حادثہ کیسے پیش آیا؟
جمعہ کی صبح تقریباً 9:45 بجے وہ طوطا اُڑ کر اپارٹمنٹ کے اندر ہی واقع ایک ہائی ٹینشن بجلی کے کھمبے پر جاکر بیٹھ گیا۔ ارون کو خوف لاحق ہوا کہ اگر طوطا زیادہ دیر تک تیز برقی رو کے نزدیک رہا تو کرنٹ لگنے سے مر سکتا ہے۔ اسی فکر میں وہ طوطے کو نیچے لانے کے لئے اپارٹمنٹ کی دیوار پر چڑھا اور ایک لوہے کے پائپ کے ساتھ لکڑی کا ڈنڈا باندھ کر اسے ہٹانے کی کوشش کی۔

اسی دوران وہ بدقسمتی سے 66,000 کلو وولٹ کی لائیو تار کے رابطے میں آگیا، جس کے نتیجے میں اُسے شدید برقی جھٹکا لگا اور وہ نیچے گر پڑا۔ ارون کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ طوطا بالکل محفوظ رہا اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

تحقیقات شروع؛ عوام میں ناراضگی
واقعے کے فوراً بعد بیسکام (BESCOM) اور کے ای بی کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ ساتھ گیری نگر پولیس بھی موقع پر پہنچی اور معائنہ کیا۔ دوسری جانب مقامی لوگوں نے اپارٹمنٹ کی حدود کے اندر سے گزرتی ہائی ٹینشن تاروں پر شدید ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ یہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔

بنگلورو نارتھ کے ڈی سی پی بی ایس نيما گوڈا نے بتایا کہ گیری نگر پولیس تھانے میں غیر فطری موت (UDR) کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ لکھیتا نے یہ قیمتی طوطا چند ماہ قبل ہی خریدا تھا۔

پس منظر: ملک میں جانوروں کو بچاتے ہوئے اموات کے واقعات میں اضافہ
خیال رہے کہ جون 2024 میں مدھیہ پردیش کے ضلع گونا کے دھارناواڑہ گاؤں میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب ایک بچھڑے کو کنویں سے بچانے کی کوشش میں چھ افراد اندر اُترے، مگر کنویں میں موجود زہریلی گیس کے باعث پانچ افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ ایک شدید زخمی ہوا تھا۔

Click here for report in English


Share: