جدہ 31/اکتوبر (ایس او نیوز)بھٹکل کمیونٹی جدہ کیریئر گائیڈنس کمیٹی کے زیرِ اہتمام 30 اکتوبر 2025 بروز جمعرات شب، جناب عبد المعیز جوکاکو صاحب کی رہائش گاہ پر ایک معنی خیز اور تربیتی پروگرام بعنوان "Basic Islamic Values and Principles of Adolescence"منعقد ہوا۔ جس میں معروف عالمِ دین مولانا محمد امین رکن الدین(امام و خطیب نور مسجد بھٹکل)، جو ان دنوں جدہ میں مقیم ہیں، نے نوجوانوں کو قرآن و سنت کی روشنی میں اخلاقی تربیت، کردار سازی اور دورِ بلوغت کے اسلامی اصول سمجھائے۔
پروگرام دو حصوں پر مشتمل تھا — پہلی نشست میں 12 تا 18 سال کے بچوں سے خصوصی خطاب کیا گیا، جب کہ دوسری نشست 7 سال سے زائد عمر کے طلبہ کے لیے رکھی گئی، تاکہ کم عمری ہی سے اسلامی شعور، اخلاقی توازن اور دینی نظم و ضبط پیدا کیا جا سکے۔
مولانا نے اپنے پر اثر بیان میں بتایا کہ دورِ بلوغت انسان کی شخصیت کی تعمیر کا نازک مگر سنہرا مرحلہ ہے، جہاں ایمان، عمل اور کردار کی بنیاد مضبوط کی جا سکتی ہے۔
پروگرام میں نماز کی درست ادائیگی کے عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے تاکہ عام غلطیوں کی اصلاح ہو سکے اور خشوع و خضوع پیدا کرنے کے طریقے سمجھائے گئے۔
الحمد للّٰہ، بھٹکل کمیونٹی جدہ کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ جب بھی کوئی عالمِ دین یا ممتاز شخصیت عمرہ یا دیگر سلسلے میں جدہ آتی ہے تو کمیونٹی کے اراکین اُن سے استفادہ کے لیے تعلیمی و اصلاحی پروگراموں کا اہتمام کرتے ہیں۔
یہ روایت یقیناً دینی بیداری، فکری توازن اور نئی نسل کی اخلاقی تعمیر کی سمت ایک روشن قدم ہے، جو بھٹکل کمیونٹی جدہ کی خدمتِ دین و ملت کے جذبے کی زندہ مثال ہے