ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / دبئی میں بھٹکل پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز؛ ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے بھٹکل کے پہلے بلے باز بنے محمد علی جوشیدی

دبئی میں بھٹکل پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز؛ ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے بھٹکل کے پہلے بلے باز بنے محمد علی جوشیدی

Sat, 10 Jan 2026 20:35:30    S O News
دبئی  میں بھٹکل پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز؛  ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے بھٹکل کے  پہلے بلے باز بنے محمد علی جوشیدی

دبئی، 10 جنوری (ایس او نیوز): دبئی کے قریب عجمان میں بھٹکل پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز غیر معمولی جوش و خروش اور تاریخی لمحات کے ساتھ ہوا۔ افتتاحی میچ ہی میں اے زیڈ چیلنجرس کے محمد علی جوشیدی نے ایک ہی اوور میں لگاتار چھ چھکے جڑ کر بھٹکل کی کرکٹ تاریخ میں اپنا نام درج کرا دیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے کسی بلے باز نے کسی  ٹورنامنٹ میں یہ شاندار کارنامہ انجام دیا ہو۔

رس بہار چیلنجرس کے خلاف کھیلے گئے پہلے میچ میں محمد علی جوشیدی نے فرقان ایس ایم کے ایک اوور کی تمام چھ گیندوں پر چھکے لگا کر میدان میں موجود شائقین کو حیرت میں ڈال دیا۔ انہوں نے محض 19 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس نے میچ کا رخ ہی بدل دیا اور اے زیڈ چیلنجرس کو سنسنی خیز فتح دلانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ قابلِ ذکر ہے کہ علی جوشیدی کا تعلق بھٹکل کی لبیک نوائط ٹیم سے ہے۔

اس سے قبل رس بہار چیلنجرس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 168 رنز بنائے تھے۔ اسماعیل خان نے 33 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ اسجد دُرگا نے 38 گیندوں پر 45 اور عبدالفتح نے 20 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

dubai-bpl-cricket-2

جواب میں اے زیڈ چیلنجرس کی اننگز کا آغاز اگرچہ دباؤ میں ہوا، تاہم محمد علی جوشیدی نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے اپنے عزائم واضح کر دیے۔ عبدالباقی کے 56 قیمتی رنز نے ٹیم کو میچ میں بنائے رکھا۔ آخرکار اے زیڈ چیلنجرس نے ایک وکٹ سے یہ سخت مقابلہ جیت لیا۔ محمد علی جوشیدی نے اس میچ میں دو وکٹیں بھی حاصل کیں، جس کے پیش نظر انہیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں ڈاکٹر حنیف چیلنجرس نے لکثری زون ٹائٹن کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ لکثری زون ٹائٹن کی ٹیم 19.1 اووروں میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس میں مزمل کے 45، نعمان کے 29 اور سرفراز کے 27 رنز شامل تھے۔ جواب میں ڈاکٹر حنیف چیلنجرس نے عبدالباری کی 41 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 16ویں اوور میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔

تیسرے میچ میں رائزنگ اسٹارس نے رکن الدین برادرس کو 39 رنز سے شکست دی۔ رائزنگ اسٹارس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا، مگر جواب میں رکن الدین برادرس کی ٹیم 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ رائزنگ اسٹارس کی جانب سے محتصم نے 51 جبکہ محمد صفوان نے 50 رنز بنائے۔

چوتھا میچ ڈی وائی ایس یونائیٹڈ اور ٹی ٹو پارٹی آفیشلز کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ٹی ٹو پارٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اووروں میں 153 رنز بنائے۔ جواب میں ڈی وائی ایس یونائیٹڈ کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بنا سکی، اس طرح ٹی ٹو پارٹی آفیشلز نے یہ میچ 13 رنز سے جیت لیا۔

dubai-bpl-1

اگلے  اتوار کو بی پی ایل کے مزید دلچسپ مقابلے کھیلے جائیں گے، جن میں رائزنگ اسٹارس بمقابلہ ڈی وائی ایس یونائیٹڈ، اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرز بمقابلہ لکثری زون ٹائٹن، رکن الدین برادرس بمقابلہ ٹی ٹو پارٹی آفیشلز اور رس بہار چیلنجرس بمقابلہ ڈاکٹر حنیف وارئیرس شامل ہیں۔ گذشتہ  اتوار کی طرح آئندہ میچز میں بھی سخت مقابلوں اور سنسنی خیز لمحات کی توقع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم بھٹکل اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے، باہمی رابطہ مضبوط کرنے اور ان کے کرکٹ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے مقصد سے بھٹکل پریمیئر لیگ کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں بی پی ایل کے چیئرمین یاسر قاسمجی، کمشنر طٰحہ معلم، سرپرست محمد غوث خلیفہ کے علاوہ آفاق نائطے، عمران خطیب، عبدالستار لنکا اور جیلانی محتشم سمیت دیگر  ذمہ داران  بھی موجود تھے۔


Share: