بھٹکل 30/ جولائی (ایس او نیوز) : بھٹکل تعلقہ کے اترکوپّا گاؤں کے ایک 28 سالہ شخص کو دوسرے کے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنا کر مبینہ طور پر فرقہ وارانہ اشتعال انگیز مواد شائع کرنے کے الزام میں پولیس نے شناخت کر لیا ہے۔ تحقیقات کے سلسلے میں ملزم کا موبائل فون بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ایشور کرشنا نائک (28) کے طور پر ہوئی ہے، جو پیشے سے مجسمہ سازہے اور اترکوپّا کا رہائشی ہے۔ الزام ہے کہ اس نے روہت شیٹی کے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا اور بھٹکل کے مُرین کٹّے تنازع کو بنیاد بنا کر دوسرے فرقے کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز تحریریں اور پیغامات پوسٹ کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی معمول کی نگرانی کے دوران مذکورہ اکاؤنٹ ان کی نظر میں آیا۔ بعد ازاں سائبر فارنسک تکنیک کی مدد سے اکاؤنٹ کے اصل ماخذ کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد اترکوپّا میں ملزم کی شناخت کرتے ہوئے اس کے قبضے سے موبائل فون ضبط کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ضبط شدہ موبائل سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملزم کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کرنے کی غرض سے نوٹس جاری کیا جائے گا، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔