بھٹکل، 22 مارچ (ایس او نیوز): بھٹکل اور اطراف کے علاقوں کے مریضوں کے لیے ایک بڑی راحت کی خبر یہ ہے کہ بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور (بی جے ایم) کی جانب سے مینگلور میں ایک جدید اور طبی سہولیات سے آراستہ بی جے ایم میڈیکل سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں مناسب اخراجات میں معیاری طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کے تحت اب بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ولکی، شیرور، بیندور اور اطراف کے علاقوں سے اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے علاج کے لیے مینگلور جانے والے مریضوں کو مہنگے اور غیر ضروری اسپتالوں یا غیر مستند ڈاکٹروں کے پاس بھٹکنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ جماعت کی نگرانی میں ایک ہی جگہ پر مستند رہنمائی اور بہتر علاج میسر ہوگا۔
بھٹکل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے ایم میڈیکل کمیٹی کے کنوینر ایس ایم ارشد (محتشم) نے بتایا کہ بھٹکل اور اطراف سے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ علاج کے لیے مینگلور کا رخ کرتے ہیں۔ جو لوگ جماعت کے ذمہ داران سے رابطہ کرتے ہیں، انہیں میڈیکل کمیٹی کی جانب سے مکمل رہنمائی فراہم کی جاتی رہی ہے اور مختلف اسپتالوں کے ساتھ رابطہ قائم کر کے خصوصی رعایت (ڈسکاؤنٹ) بھی دلوائی جاتی رہی ہے، تاہم بعض پیچیدہ بیماریوں اور آپریشن کے بعد طویل مدتی قیام کے باعث اسپتالوں کے اخراجات اس قدر بڑھ جاتے ہیں کہ متوسط طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت نے ایسا میڈیکل سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جہاں علاج کے بعد کے مرحلے (پوسٹ ہاسپٹل کیئر) میں مریضوں کو معیاری سہولیات کم خرچ میں فراہم کی جا سکیں۔ یہ سینٹر خالص عوامی اور ملی خدمت کے جذبے کے تحت قائم کیا گیا ہے، جہاں چوبیسوں گھنٹے ڈاکٹروں اور نرسوں کی خدمات دستیاب ہیں، جبکہ مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹر بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ طویل مدتی نگہداشت کے محتاج مریضوں کے لیے یہ سینٹر خاص طور پر مفید ثابت ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کے ساتھ بخار، نمونیا اور ٹائفائڈ جیسی عام بیماریوں کے علاج کے لیے جنرل فزیشن دستیاب ہیں، جبکہ بچوں، خواتین اور کینسر کے مریضوں کے لیے ماہر ڈاکٹروں سمیت فزیوتھراپی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس میڈیکل سینٹر میں آپریشن یا آئی سی یو کی سہولت موجود نہیں ہے، تاہم جماعت کے ساتھ رابطہ کر کے مریض کو کسی بھی اسپتال میں آپریشن یا آئی سی یو سے فارغ کرانے کے بعد یہاں منتقل کیا جا سکتا ہے، جہاں متعلقہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ میڈیکل سینٹر بھٹکل ویلفیئر سوسائٹی، بھٹکل کی ریاض اور بھٹکل کی جدہ جماعت کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ مینگلور کے کنکناڈی بائی پاس کے قریب واقع تقریباً 6000 اسکوائر فٹ پر مشتمل اس سینٹر میں 21 بستروں کی سہولت موجود ہے، جس میں جنرل وارڈ کے ساتھ اے سی اور اٹیچ باتھ والے ڈیلکس کمرے بھی شامل ہیں۔

ارشد کے مطابق، سینٹر کا مینگلور کے معروف اسپتالوں اے جے ہاسپٹل اور ہائی لینڈ ہاسپٹل کے ساتھ باقاعدہ ٹائی اپ ہے، جبکہ دیگر بڑے اسپتالوں سے بھی روابط قائم کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو فوری طور پر ان اسپتالوں میں منتقل کیا جا سکتا ہے، جبکہ مینگلور کے بڑے اور ماہر ڈاکٹروں نے اس سینٹر کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین بھی دلایا ہے۔
مزید برآں، سینٹر میں جدید لیبارٹری کی سہولت بھی موجود ہے، جہاں ہر طرح کے بلڈ ٹیسٹ، ای سی جی، بلڈ پریشر چیک اپ سمیت دیگر ضروری معائنے کیے جا سکتے ہیں۔ مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کے لیے ریسٹورنٹ اور مرد و خواتین کے لیے علیحدہ نماز ہال بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اسپتالوں کے بھاری اخراجات سے بچانا ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔
ایس ایم ارشد نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے سینٹر میں خدمات جاری ہیں اور مریضوں کی آمد کا سلسلہ برقرار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری کاغذی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد حال ہی میں سینٹر کو باقاعدہ اجازت نامہ بھی حاصل ہو چکا ہے، جس کے بعد اب عوام کو اس کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ سینٹر کو سرکاری منظوری مل چکی ہے، اس لیے اس کی افتتاحی تقریب آئندہ چند دنوں میں شاندار انداز میں منعقد کی جائے گی۔
مزید معلومات یا اپائنٹمنٹ کے لیے فون نمبر 08242007520 یا موبائل نمبر 9620774400 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
پریس کانفرنس میں بی جے ایم کے دیگر ذمہ داران مولوی داود خلیفہ ندوی، اشرف سعدا، فہد شاہ بندری وغیرہ بھی موجود تھے۔