ہاویری، یکم اپریل (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع ہاویری میں ایک افسوسناک حادثے میں سرکاری بس نے بس اسٹینڈ کے پلیٹ فارم پر کھڑے مسافروں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک دو سالہ بچہ جاں بحق جبکہ کم از کم تین افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ منگل کی صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا، جب مسافر ساونور جانے والی بس کے انتظار میں پلیٹ فارم پر موجود تھے۔ اسی دوران ایک سرکاری بس تیز رفتاری سے بس اسٹینڈ میں داخل ہوئی اور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سیدھا پلیٹ فارم پر چڑھ گئی، جس سے وہاں کھڑے افراد اس کی زد میں آگئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے دو سالہ بچے کی شناخت حضرت علی کے طور پر ہوئی ہے، جسے تشویشناک حالت میں پہلے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں بہتر علاج کے لیے ہبلی کیمس اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دیگر زخمیوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں، جن کا علاج جاری ہے جس میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بس کے قریب آنے پر کچھ مسافر اس کا روٹ دیکھنے کے لیے بس کی طرف آگے بڑھے تھے کہ اچانک بس بے قابو ہوکر پلیٹ فارم پر چڑھ گئی، جس کے باعث وہاں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں ملا۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔