ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پانی بچاؤ مہم پر بنگلورو کو بین الاقوامی اعزاز، ڈی کے شیوکمار کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ پیش

پانی بچاؤ مہم پر بنگلورو کو بین الاقوامی اعزاز، ڈی کے شیوکمار کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ پیش

Thu, 19 Jun 2025 12:13:22    S O News
پانی بچاؤ مہم پر بنگلورو کو بین الاقوامی اعزاز، ڈی کے شیوکمار کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ پیش

بنگلورو، 19 جون (ایس او نیوز/ایجنسی)بنگلور واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (بی ڈبلیو ایس ایس بی) کی جانب سے رواں سال 21 مارچ سے 28 مارچ تک پانی کے تحفظ کے لیے چلائی گئی ایک ہفتہ طویل بیداری مہم نے بین الاقوامی سطح پر بنگلور اور ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران 5,33,642 افراد سے پانی بچانے کا باضابطہ عہد لیا گیا، جس کی بنیاد پر اس مہم کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔

بدھ کے روز بنگلورو کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ خصوصی تقریب میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ہندوستانی نمائندے سپنل دنگریکار نے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ و ترقیات بنگلور کے وزیر ڈی کے شیوکمار کو اس تاریخی کارنامے کے اعتراف میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ باضابطہ طور پر پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ پانی کا دانشمندانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بنگلور جیسے میٹرو شہر میں آج بھی لوگ پینے کے پانی کو گاڑیاں دھونے، پودوں کو سینچنے اور دیگر غیر ضروری کاموں میں استعمال کر رہے ہیں، جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شہر میں تقریباً 35 فیصد لوگ پانی کا بل ادا نہیں کرتے، جس کی وجہ سے بورڈ کو سالانہ 400 تا 500 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس مالی خسارے کو کم کرنے کے لیے پانی کے نرخوں میں مناسب اضافہ کیا گیا ہے، جس طرح ایندھن کی قیمت بڑھنے پر ٹرانسپورٹ کرایے میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں پانی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی، اس لیے یہ اقدام عوامی مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ بورڈ کی مالی حالت بہتر بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلور کے دو کروڑ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی مہیا کرانے کے لیے کاویری وی آر ایس پروجیکٹ، سیوریج نظام کی بہتری اور گھروں تک پانی کی سستی فراہمی جیسے اقدامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے "کاویری آرتی" کا ذکر بھی کیا، جسے نہ صرف ایک مذہبی علامت قرار دیا بلکہ پانی کے تحفظ کے تئیں عوام میں شعور بیدار کرنے کا ذریعہ بھی بتایا۔

بی ڈبلیو ایس ایس بی کے چیئرمین ڈاکٹر رام پرساد منوہر نے بتایا کہ ایک ہفتے کی مہم کے دوران عملے نے گھر گھر جا کر پانی کی بچت کی اہمیت سمجھائی اور لاکھوں لوگوں سے پانی بچانے کا حلف لیا۔ اس عوامی بیداری کا نتیجہ ہے کہ آج بنگلور کو عالمی سطح پر اعزاز حاصل ہوا ہے۔

اس تقریب میں ایف کے سی سی آئی کے صدر ایم جی بالکرشنا، کاسیا کے صدر ایم جی راج گوپال، چیف انجینئر سریش اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔


Share: