ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / حکومت پانچ سال مکمل کرے گی، بلدیاتی انتخابات جلد اور شرنگیری نتائج کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا: سدارامیا

حکومت پانچ سال مکمل کرے گی، بلدیاتی انتخابات جلد اور شرنگیری نتائج کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا: سدارامیا

Thu, 07 May 2026 11:45:57    S O News
حکومت پانچ سال مکمل کرے گی، بلدیاتی انتخابات جلد اور شرنگیری نتائج کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا: سدارامیا

میسورو، 7/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیر اعلیٰ سدارامیا    نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیموں کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے، جس کا واضح ثبوت حالیہ ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی نمایاں کامیابی ہے۔ وہ میسورو ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے داؤانگیرے اور باگلکوٹ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی جیت پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عوام ریاستی حکومت کی پالیسیوں اور ترقیاتی پروگراموں سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکمتِ عملی ناکام ہو چکی ہے اور وہ صرف سازشوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اپنی تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کانگریس حکومت اپنی پانچ سالہ مدت کامیابی کے ساتھ مکمل کرے گی اور قیادت سے متعلق کسی بھی فیصلے کے لیے وہ پارٹی قیادت کے احکامات کے پابند رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے انہیں فی الحال کوئی اطلاع نہیں ملی، البتہ اگر دہلی طلب کیا گیا تو وہ ضرور جائیں گے۔

مقامی بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات جلد ہی منعقد کیے جائیں گے۔

شرنگیری کے انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے سدارامیا  نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سنگین الزامات عائد کیے اور کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران مجرمانہ سازش کی گئی۔ ان کے مطابق کانگریس امیدوار راجیوگوڑا کے حق میں پڑنے والے 255 درست ووٹوں کو مبینہ طور پر مسترد کیا گیا، جس کے باعث نتائج متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔


Share: