ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم کی شکایت کے بعد ڈی سی کا سرابی ندی کا معائنہ، میونسپل افسران کی سرزنش

بھٹکل تنظیم کی شکایت کے بعد ڈی سی کا سرابی ندی کا معائنہ، میونسپل افسران کی سرزنش

Sat, 14 Nov 2026 20:36:38    S O News
بھٹکل تنظیم کی شکایت کے بعد  ڈی سی کا سرابی ندی کا معائنہ، میونسپل افسران کی سرزنش

بھٹکل 14/نومبر (ایس او نیوز): سنیچر کو بھٹکل آمد کے موقع پر مقامی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی شکایت پر اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ہرشل نارائن راؤ بوئیر نے بیلکے میں منعقدہ پرجا سیوا پروگرام میں شرکت کے بعد شام قریب چھ بجے غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور سرابی ندی کی ابتر حالت کا جائزہ لیا۔ مسلسل گندے پانی کی نکاسی کے باعث ندی تقریباً گندے نالے میں تبدیل ہوچکی ہے، جس پر انہوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کاروار سے آئے ہوئے متعلقہ افسران اور بھٹکل میونسپل حکام سے صورتحال کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔

جب بھٹکل میونسپل حکام نے پمپنگ اسٹیشن سے مسلسل گندے پانی کے اخراج کا ذمہ دار کاروار واٹر بورڈ کو ٹھہرایا تو کاروار سے تشریف فرما محکمہ واٹر بورڈ کے ایگزیکٹیو انجینئر شیورام نائک نے وضاحت کی کہ ویٹ ویل (Wet Well) میں لیکیج کے باعث گندا پانی سرابی ندی میں داخل ہورہا ہے اور اس کی مرمت کی ذمہ داری بھٹکل سٹی میونسپل کونسل کی ہے۔

dc-visits-pumping-station-3.jpg
dc-visits-pumping-station-2.jpg
dc-visits-pumping-station-1.jpg

اس وضاحت کے بعد ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کونسل کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران سے سخت بازپرس کی اور پمپنگ اسٹیشن کی دیکھ بھال میں غفلت پر ناراضگی ظاہر کی۔

بعد ازاں مقامی عوام نے پمپنگ اسٹیشن میں گزشتہ تین ماہ سے بند پڑے جنریٹر اور پمپنگ مشینوں میں بار بار پیدا ہونے والی خرابیوں کی جانب بھی ڈپٹی کمشنر کی توجہ دلائی۔ اس پر انہوں نے میونسپل افسران کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا کہ آخر وہ کس کام کی تنخواہ لے رہے ہیں، جب بنیادی سہولتوں کی دیکھ بھال بھی نہیں کی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کاروار سے آئے ہوئے میونسپل پروجیکٹ ڈائریکٹر ظہیر عباس کو بھی غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن کے تعلق سے ضروری اقدامات کرنے اور تکنیکی خامیوں کو دور کرکے نظام کو درست کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاپرواہی برتنے والے افسران سے عوام کے سامنے نہیں بلکہ دفتر میں جاکر جواب طلب کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مقامی عوام کو یقین دلایا کہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور ان سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔

Click here for report in English


Share: