ہاسن ،9/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی ریاست میں اقتدار حاصل کرتی ہے تو کانگریس حکومت کی تمام گارنٹی اسکیموں کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔ عوام اس حقیقت سے واقف ہیں، اسی لیے وہ بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں آنے کا موقع نہیں دیں گے۔
انہوں نے اتوار کو بھونہلی ہیلی پیڈ کے قریب میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ریاستی حکومت کی گارنٹی اسکیموں پر سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی اور بی جے پی کی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس حکومت کو نشانہ بنانے کے لیے کوئی دوسرا موضوع نہیں ہے۔ ریاست کے عوام تک تمام گارنٹی اسکیمیں کامیابی کے ساتھ پہنچ رہی ہیں، لیکن اپوزیشن جماعتیں اس کامیابی کو برداشت نہیں کرپارہی ہیں۔ جنتا دل (ایس) اور بی جے پی دونوں گارنٹی اسکیموں کی مخالف ہیں۔
مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو درپیش مالی مشکلات کم کرنے کے لیے ہی حکومت نے پانچ گارنٹی اسکیمیں نافذ کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو دی جانے والی ان پٹ سبسڈی کی رقم 2,500 روپے سے بڑھا کر 5,000 روپے کردی گئی ہے۔ اسی طرح کسانوں کے پمپ سیٹوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کے لیے دی جانے والی سبسڈی کا بوجھ بڑھ کر 30 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ دودھ کی قیمت میں اضافے سے بھی کسانوں کو فائدہ ہورہا ہے اور اس سے صارفین پر کوئی بڑا اضافی بوجھ نہیں پڑرہا ہے۔ دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کرناٹک میں دودھ کی قیمت اب بھی کم ہے، اس کے باوجود اپوزیشن جماعتیں احتجاج کررہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کے قائدین ریاست کے لیے مرکزی حکومت سے کوئی خاطر خواہ فنڈ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ وہ نہ تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو روک سکے اور نہ ہی گنے کے کاشتکاروں کے مفادات میں کوئی مؤثر فیصلہ کرواسکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں سے شکر کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ جب دیگر تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے تو کسانوں کی جانب سے شکر کی قیمت میں مناسب اضافے کا مطالبہ کرنا غلط نہیں ہے۔ شکر کی قیمت کا تعین کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن وہ اس معاملے میں ضروری اقدامات کیوں نہیں کررہی ہے؟ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت کو کسانوں کے مسائل اور ان کے مفادات کی کوئی فکر نہیں ہے۔
ہاسن ملک یونین کو ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کے نقصان سے متعلق رکن اسمبلی ایچ ڈی ریونا کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ اگر دودھ کی قیمت میں اضافہ ہونے کے باوجود یونین کو نقصان ہورہا ہے تو اس کی وجوہات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر یونین کو نقصان کیوں ہورہا ہے اور اس کا انتظام کس طرح چلایا جارہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں کے ایم ایف کے سکریٹری کو طلب کرکے تفصیلات حاصل کریں گے اور معلوم کریں گے کہ یونین کو کن مسائل کا سامنا ہے۔ دودھ کی کوآپریٹیو سوسائٹیز کا تحفظ ضروری ہے اور انہیں ہر حال میں برقرار رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے بارے میں انہیں پہلی مرتبہ معلومات حاصل ہوئی ہیں اور ایچ ڈی ریونا کو اس معاملے میں ان سے زیادہ تجربہ حاصل ہے۔
بنگلورو میٹرو کی پنک لائن کے افتتاح کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ بنگلورو کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر ریاست کو درپیش خشک سالی سمیت مختلف اہم مسائل ان کے سامنے رکھے جائیں گے اور ریاست کے مفادات سے متعلق امور پر ان سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ہاسن امبا مندر کی ترقی اور اس کے لیے خصوصی کوریڈور کی تعمیر سے متعلق سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ ضلع انتظامیہ سے بات کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حسن امبا کوریڈور سے متعلق کوئی تجویز ابھی تک ان کے پاس نہیں پہنچی ہے۔ فی الحال میڈیا ہی اس بارے میں سوالات کررہا ہے۔ پہلے ضلع کی ضروریات اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی، اس کے بعد ہی اس معاملے پر کوئی بات کہی جاسکتی ہے۔