بھٹکل، 28 مئی (ایس او نیوز): بھٹکل، ریاست کرناٹک اور غالباً پورے ملک میں عیدالاضحیٰ 7 جون بروز سنیچر کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی سمیت علمائے کرام کے متفقہ اعلان کے مطابق 29 مئی بروز جمعرات یکم ذی الحجہ 1446ھ ہوگی، جس کے مطابق 10 ذی الحجہ، یعنی عیدالاضحیٰ کا دن 7 جون کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بھٹکل، ساحلی کرناٹک اور کیرالہ میں 27 مئی یعنی منگل کو چاند نظر نہیں آیا، جس کی بنا پر 29 مئی کو یکم ذی الحجہ کا اعلان کیا گیا۔ بنگلور سمیت دیگر علاقوں میں بدھ کو چاند رات تھی، ، تاہم بارش کی وجہ سے بینگلور میں بھی مقامی رویت ممکن نہ ہوسکی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرناٹک کے رکن مولانا محمد مقصود عمران رشادی نے بتایا کہ اگرچہ بینگلور میں چاند نظر نہیں آیا، لیکن چیلور باگے پلی سمیت دیگر مقامات سے چاند دیکھے جانے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں۔ علاوہ ازیں چینئی، لکھنؤ، بنگال، پٹنہ اور بنارس جیسے شہروں سے بھی عام رویت کی خبریں موصول ہوئیں، جنہیں تسلیم کرتے ہوئے علمائے کرام نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ 29 مئی کو یکم ذی الحجہ ہوگا۔ اسی مناسبت سے، عیدالاضحیٰ 10 ذی الحجہ مطابق 7 جون بروز سنیچر کو منائی جائے گی۔