رام نگر، 23 مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی): کرناٹک کے رام نگر ضلع میں بنگلورو-میسورو ایکسپریس وے پر پیش آنے والے ایک دردناک سڑک حادثے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ یہ حادثہ پیر کی علی الصبح چن پٹنا تعلقہ کے سنکلگیری گاؤں کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، کیرالہ سے بنگلورو کی جانب تیزی سے آرہی ایک نجی بس اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک کنارے لگائی گئی حفاظتی فینسنگ سے زور دار ٹکر ہوگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اندر سوار مسافر شدید زخمی حالت میں خون میں لت پت پائے گئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کیرالہ کے کوژیکوڈ کے رہائشی محمد فرحان (22) اور سلفی (45)، جبکہ بنگلورو کے کلاسی پالیہ کے رہائشی رشید (45) اور آدوگوڈی کے انے پالیہ کے ساکن ساکر کے طور پر کی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ڈرائیور کو نیند کا غلبہ آنے کے باعث بس پر کنٹرول کھونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی چن پٹنا ٹریفک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرین کی مدد سے بس کو ہٹا کر ٹریفک کو بحال کیا گیا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ٹریفک پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔