ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / اسرائیل پر ایرانی حملوں کا سلسلہ جاری، دفاعی نظام کمزور، پانچواں ایف-35 طیارہ تباہ، عوام میں خوف و ہراس اور تقریبات پر پابندی

اسرائیل پر ایرانی حملوں کا سلسلہ جاری، دفاعی نظام کمزور، پانچواں ایف-35 طیارہ تباہ، عوام میں خوف و ہراس اور تقریبات پر پابندی

Thu, 19 Jun 2025 11:20:40    S O News
اسرائیل پر ایرانی حملوں کا سلسلہ جاری، دفاعی نظام کمزور، پانچواں ایف-35 طیارہ تباہ، عوام میں خوف و ہراس اور تقریبات پر پابندی

واشنگٹن، 19/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)ایران نے اسرائیل کے حملوں کا سخت جواب دیتے ہوئے اپنے فوجی آپریشن ’’وعدۂ صادق-سوم‘‘ کے تحت منگل کی رات ایک بار پھر صہیونی علاقوں پر میزائلوں کی بوچھاڑ کر دی۔ یہ ایران کی جانب سے حملوں کی دسویں لہر تھی، جس کی تصدیق خود اسرائیلی فوج نے کی ہے۔ فوجی بیان کے مطابق تل ابیب، یروشلم اور شیرون سمیت کئی اہم علاقوں میں ایرانی میزائل گرے، جن کے باعث زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ایران  نے داغے گئے میزائلوں کی تعداد نہیں بتائی مگر اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے۲۰؍ میزائلوں سے حملہ ہوا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہاگیا ہے کہ تہران  نے جوابی حملوں میں اسرائیلی حکومت کے ان فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا  جو ایرانی شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملوں کیلئے استعمال کئے گئے۔  پاسداران انقلاب کے ترجمان نے سورہ بقرہ کی ایک آیت پڑھی جس کا مفہوم ہے کہ ’’ اگر کوئی تم پر حملہ کرے تو اسی انداز  میں  جواب دو۔‘‘ اور اعلان کیا کہ ’’ یہ حملے بتدریج جاری رہیں گے

دوسری طرف اسرائیل نے  بھی تہران پر پہ در پہ حملے  کئے  جس کے بعد ایک اپارٹمنٹ سے آگ کے شعلے بھڑک اٹھے  ۔ اس بیچ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کا پانچواں ایف-۳۵؍ اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ تباہ کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ طیارہ تہران کے جنوب مشرقی علاقے ورامین کے قریب فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔ایران کا کہنا ہے کہ ۱۴؍ جون کو شروع ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد اب تک ۵؍ ایف-۳۵؍ طیارے مار گرائے جا چکے ہیں۔

اُدھر اسرائیل کے حوالے سے امریکہ کے معروف اخبار’’ وال اسٹریٹ جرنل‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کا فضائی دفاع کا نظام جو عرف عام میں  گولڈم ڈوم کہلاتا ہے، پر ایران کے پے درپے حملوں کی وجہ سے دباؤ  بڑھ گیا ہے۔ اخبار  کے مطابق امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے  دفاعی نظام میں  استعمال ہونےوالے ’’ایرو انٹرسیپٹر میزائلوں‘‘ کی کمی  آگئی ہے۔   واضح رہے کہ ’’ایرو انٹرسیپٹر میزائلیں‘‘ بطور خاص طویل مسافت سے آنےوالی  بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کیلئے  استعمال ہوتی ہیں۔  وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق    امریکہ اس مسئلے سے واقف  ہے اور وہ زمینی، بحری اور فضائی نظاموں کے ذریعے اسرائیل کے دفاع کو مضبوط کر نے میں مصروف ہے۔ اطلاعات کے مطابق  امریکہ نے  اسرائیل کو مزید میزائل اور دفاعی اثاثے بھیجے ہیں۔

گزشتہ ۶؍ دنوں سے جاری جنگ کے اسرائیلی عوام کی نفسیات پر تباہ کن اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ خوف کی بنا پر  اسرائیل میں بڑی تقریبات پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ اسکول آئندہ بھی بند رکھنے کا اعلان کیاگیاہے۔  اسرائیل میں  بدھ کی شام۶؍ بجے سے نافذ ہونے والی نئی ہدایات کے مطابق جہاں مناسب پناہ گاہیں موجود ہو، وہاں۳۰؍ افراد تک کے اجتماعات کی اجازت ہوگی جبکہ دفاتر بھی اسی شرط پر کھولے جا سکیں گے کہ پناہ گاہ تک بروقت رسائی ممکن ہو۔ یہ ہدایات جمعہ کی رات تک کیلئے جاری کی گئی ہیں۔ 


Share: