ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پی یو سی دوم میں ناکام طلبہ کیلئے دوسرا موقع، امتحان 2 اور 3 کا شیڈول، فیس اور رجسٹریشن کی تاریخوں کا اعلان

پی یو سی دوم میں ناکام طلبہ کیلئے دوسرا موقع، امتحان 2 اور 3 کا شیڈول، فیس اور رجسٹریشن کی تاریخوں کا اعلان

Wed, 09 Apr 2025 19:58:00    S O News

بنگلورو، 9/ اپریل (ایس او نیوز ) پی یو سی سال دوم کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔ اگر آپ امتحان نمبر 1 میں ناکام ہوگئے ہیں یا اپنے نمبرات میں بہتری لا کر بہتر نتیجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو پی یو سی کے دوسرے یا تیسرے مرحلے کے امتحان میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا ہے۔

کرناٹک ایگزامنیشن اینڈ ایولیوایشن بورڈ (KSEEB) نے امتحانات سے متعلق اہم تاریخوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بورڈ نے  سیکنڈ پی یو سی امتحان کے نتائج کا اعلان کیا، جس میں کل 6,37,805 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے صرف 4,68,439 طلبہ ہی کامیاب ہو سکے ہیں۔

پی یو سی سال دوم کے پہلے مرحلے کے امتحان میں تمام شعبوں سے مجموعی طور پر 1,69,366 طلبہ ناکام قرار پائے ہیں۔ ایسے طلبہ کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ وہ دوسرے اور تیسرے مرحلے کے امتحانات میں نئے امیدوار کی حیثیت سے شرکت کر کے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

اسی پس منظر میں، بورڈ نے سیکنڈ پی یو سی امتحان 2 اور امتحان 3 کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ پی یو سی سال دوم کا دوسرا مرحلہ 24 اپریل سے شروع ہو کر 5 مئی کو مکمل ہوگا، جبکہ تیسرا مرحلہ 9 مئی سے شروع ہو کر 21 مئی تک جاری رہے گا۔ وہ طلبہ جو پہلے مرحلے میں کم حاضری یا دیگر وجوہات کی بنا پر امتحان میں شریک نہ ہو سکے تھے، بورڈ کے ضوابط کے مطابق پرائیویٹ امیدوار کے طور پر دوسرے یا تیسرے مرحلے میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ ایسے طلبہ جو فیل ہوئے ہیں، یا نتائج میں بہتری لانا چاہتے ہیں، وہ بغیر جرمانہ فیس کے 8 اپریل تک درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ جرمانہ کے ساتھ فیس جمع کروانے کی آخری تاریخ 17 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ دوسرے اور تیسرے مرحلے کے امتحانات میں شرکت کرنے والی تمام طالبات، ایس سی، ایس ٹی اور زمرہ 1 کے لڑکوں کے لیے فیس معاف ہے، جبکہ دیگر زمروں کے طلبہ کے لیے فیس مقرر کی گئی ہے۔

فیس کی تفصیلات : نئے امیدواروں (فریشرز) کے لیے ایک مضمون کی امتحانی فیس 140 روپئے مقرر کی گئی ہے، دو مضامین کے لیے 270 روپئے جبکہ تین یا اس سے زائد مضامین کے لیے 400 روپئے فیس طے کی گئی ہے۔ جو طلبہ اپنے حاصل کردہ نمبرات سے مطمئن نہیں ہیں اور نتیجے میں بہتری کے خواہشمند ہیں، اُن کے لیے بھی موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ایسے طلبہ کے لیے ایک مضمون کی فیس پہلی کوشش میں 175 روپئے اور دوسری کوشش میں 350 روپئے مقرر ہے۔ تمام طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پی یو سی سال دوم کے دوسرے مرحلے کے امتحانات کے لیے 8 اپریل سے 17 اپریل کے درمیان اپنے متعلقہ کالجوں میں رجسٹریشن مکمل کروا لیں۔


Share: