ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں 15,441 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی منظوری، 5000 سے زائد روزگار کے مواقع متوقع

کرناٹک میں 15,441 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی منظوری، 5000 سے زائد روزگار کے مواقع متوقع

Thu, 29 May 2025 11:59:18    S O News
کرناٹک میں 15,441 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی منظوری، 5000 سے زائد روزگار کے مواقع متوقع

بنگلورو، 29 مئی (ایس او نیوز/ایجنسی): کرناٹک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ریاستی حکومت نے آج اعلیٰ سطحی منظوری کمیٹی (ایچ ایل سی سی) کی 65ویں میٹنگ میں مجموعی طور پر 15,441.17 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری تجاویز کو منظوری دے دی ہے، جس سے ریاست کے مختلف حصوں میں تقریباً 5,277 نئے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ اس اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کی۔

اجلاس میں چار نئی یا توسیعی سرمایہ کاری تجاویز، دو اضافی سرمایہ کاری منصوبے اور مختلف مراحل میں زیرِ عمل دس ترمیم شدہ پروجیکٹس کو منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ سدارامیا نے اجلاس کے بعد تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ شری سیمنٹ لمیٹڈ کی 2406 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے 300 افراد کو، ڈالیمیا (بھارت) لمیٹڈ کی دو تجاویز جن کی مالیت بالترتیب 3000 کروڑ اور 3020 کروڑ روپئے ہے، سے 1140 افراد کو، اور ایم وی انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کی 5495 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے 2508 افراد کو روزگار ملنے کی توقع ہے۔ ان تین بڑی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 13,921 کروڑ روپئے ہے، جس کے ذریعے 3,948 براہِ راست روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ دیگر منصوبوں اور ترمیم شدہ تجاویز سے مزید 1,329 افراد کو روزگار ملے گا۔

اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزراء ایم بی پاٹل، پریانک کھرگے، بوس راج، چلوورایاسوامی، چیف سکریٹری ڈاکٹر شالنی راج نیش، ایڈیشنل چیف سکریٹری ایل کے عتیق، محکمہ صنعت و تجارت کے پرنسپل سکریٹری سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔


Share: