ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک حکومت کی جانب سے صحت کی گھر گھر فراہمی کی پہل، 'گروہا آروگیہ' اسکیم ریاست بھر میں نافذ

کرناٹک حکومت کی جانب سے صحت کی گھر گھر فراہمی کی پہل، 'گروہا آروگیہ' اسکیم ریاست بھر میں نافذ

Tue, 03 Jun 2025 11:24:02    S O News
کرناٹک حکومت کی جانب سے صحت کی گھر گھر فراہمی کی پہل، 'گروہا آروگیہ' اسکیم ریاست بھر میں نافذ

بنگلورو، 3 جون (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں صحت کی خدمات کو عوام کے دروازے تک پہنچانے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے اپنی منفرد پہل 'گروہا آروگیہ' اسکیم کو پوری ریاست میں نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو 14 غیر متعدی بیماریوں کی مفت جانچ اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس بات کا اعلان ریاستی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود، دنیش گنڈو راؤ نے بنگلورو کے وکاس سودھا میں منعقدہ ایک ورکشاپ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ صحت کی بنیادی سہولیات کو ہر فرد کے گھر تک پہنچایا جائے تاکہ ابتدائی مرحلے میں ہی بیماریوں کی شناخت اور علاج ممکن ہو سکے۔

'گروہا آروگیہ' اسکیم کے تحت جن بیماریوں کی جانچ کی جائے گی ان میں ذیابیطس، بلند فشار خون (بلڈ پریشر)، منہ، چھاتی اور سروائیکل کینسر (خواتین کے لیے)، گردے کے امراض، دل کی بیماریاں، دمہ، ذہنی صحت کے مسائل اور نیند کی خرابی شامل ہیں۔ اس اسکیم کے مطابق ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر افراد کی صحت کی جانچ کریں گے۔ اگر کسی میں بیماری کی تصدیق ہوتی ہے تو اسے مفت ادویات فراہم کی جائیں گی اور مزید علاج کے لیے قریبی صحت مراکز کو ریفر کیا جائے گا۔

وزیر صحت دنیش گنڈو راؤ نے مزید کہا کہ یہ اسکیم صرف بیماریوں کے علاج تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد عوام میں صحت کے تئیں بیداری پیدا کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا بھی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں۔

حکومت کو امید ہے کہ 'گروہا آروگیہ' اسکیم کی توسیع سے کرناٹک میں صحت عامہ کی صورتحال میں بہتری آئے گی اور غیر متعدی بیماریوں سے ہونے والی اموات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔


Share: