بنگلورو، 26 /مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاست کرناٹک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو حکومت نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پر یقین نہ کریں۔ حکام کے مطابق سوشل میڈیا اور بعض میڈیا پلیٹ فارمز پر ایندھن کی کمی کے بارے میں گمراہ کن اطلاعات پھیلائی جا رہی ہیں، جس کے باعث لوگوں میں غیر ضروری تشویش پیدا ہو رہی ہے۔
کئی مقامات پر لوگ بوتلوں اور کین کے ساتھ پیٹرول پمپوں پر قطاروں میں کھڑے ہو کر ایندھن ذخیرہ کرتے دیکھے گئے ہیں۔ محکمہ خوراک، شہری رسد اور امورِ صارفین نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ایندھن کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔ قلت سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد اور افواہیں ہیں۔
محکمہ نے عوام کو خبردار کیا کہ پیٹرول پمپ صرف گاڑیوں کے ٹینک میں براہِ راست ایندھن فراہم کرتے ہیں۔ بوتلوں یا کین میں ایندھن بھرنا غیر قانونی اور خطرناک ہے۔ اس طرح ایندھن ذخیرہ کرنا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
حکام نے تمام پیٹرول پمپوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایندھن صرف گاڑیوں کے ٹینک میں ہی فراہم کریں اور کسی بھی صورت میں علیحدہ کنٹینرز میں نہ دیں۔ محکمہ کے انڈر سیکریٹری ناگراج بی ای نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں، غیر ضروری طور پر ایندھن ذخیرہ نہ کریں اور افواہوں سے گریز کریں تاکہ بلا وجہ خوف و ہراس پیدا نہ ہو۔