بنگلورو ،25 مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو غیر متوقع طور پر ایک دن قبل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسپیکر یوٹی قادر نے بتایا کہ جاری بجٹ سیشن، جو اصل میں 27 مارچ 2026 تک جاری رہنے والا تھا، اب 26 مارچ کو ہی مکمل ہو جائے گا۔ یہ فیصلہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) کی میٹنگ میں تمام اراکین کی متفقہ رائے سے کیا گیا۔ اسپیکر نے کہا کہ آئندہ تین دنوں کے دوران اسمبلی کی تمام اہم کارروائیاں مکمل کر دی جائیں گی۔
24 مارچ کو بجٹ اور دیگر محکموں پر عام بحث مکمل کر لی گئی۔ مختلف محکموں، فنڈز اور ترقیاتی اسکیموں پر ارکان اسمبلی اپنی رائے پیش کیں۔ اپوزیشن بھی حکومت کے بجٹ اندازوں پر سوالات اور تجاویز رکھیں۔
25 مارچ کو وزیر اعلیٰ سدرامیا 2026-27 کے بجٹ پر اٹھائے گئے سوالات اور اعتراضات کا تفصیلی جواب پیش کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کی تقریر کے بعد محکمہ دار منظوریاں عمل میں آئیں گی۔ 26 مارچ اخراجات کے بل کی منظوری اور اجلاس کا اختتام کا اعلان ہوگا۔ اخراجات کے لیے درکار قانونی منظوری پیش کی جائے گی۔ بل کی منظوری کے بعد بجٹ کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ اسی دن اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا۔
ایک دن پہلے بجٹ اجلاس مکمل کرنے کے سلسلہ میں اگرچہ اسپیکر نے کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی لیکن سیاسی حلقوں میں چند ممکنہ وجوہات پر گفتگو جاری ہے۔ کچھ اسمبلی حلقوں میں متوقع ضمنی انتخابات کے باعث وزرا اور ارکان اسمبلی کو جلد انتخابی مہم میں حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ دوسری وجہ پچھلے چند دنوں میں بحث تیزی سے آگے بڑھی، جس کے نتیجے میں زیادہ تر ایجنڈا وقت سے پہلے مکمل ہو گیا۔ انتظامی تقاضے بھی ایک وجہ ہے۔ بجٹ منظوری کے بعد سرکاری محکموں کو نئے مالی سال کے انتظامات کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ تاہم فیصلہ مکمل طور پر اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی متفقہ رائے کے بعد کیا گیا۔
معلوم رہے کہ بجٹ اجلاس 6 مارچ 2026 کو شروع ہوا تھا۔ وزیر اعلی نے 27-2026 کا بجٹ اسی دن پیش کیا تھا۔ اپوزیشن نے بجٹ میں گیارنٹی اسکیموں کے بڑھتے بوجھ اور ٹیکس کی پالیسیوں پر توجہ مرکوز رکھی۔ اب چونکہ بجٹ کا بڑا حصہ بحث کے بعد منظوری کی طرف بڑھ رہا ہے، اس لیے اسمبلی نے سیشن کو مختصر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فی الحال اگلے اجلاس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ امکان ہے کہ مانسون سیشن کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔ کرناٹک اسمبلی کا بجٹ سیشن اب 26 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا، اور تمام مالیاتی کارروائیاں اسی دن مکمل کر لی جائیں گی۔