میسورو، 30 مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی):وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اعلان کیا ہے کہ اس سال سے ایس ایس ایل سی کے نتائج میں تیسری زبان ہندی کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے میسورو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے تحت اب ایس ایس ایل سی کے کل نشانات 625 کے بجائے 525 مقرر کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو ہندی زبان سیکھنے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم اسے امتحانی نمبروں کے لیے لازمی قرار دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے نجی اسکولوں کی جانب سے اس فیصلے کی مخالفت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی فیصلوں پر حمایت اور مخالفت دونوں سامنے آ سکتی ہیں، لیکن یہ اقدام تعلیمی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے تعلق سے کہا کہ کانگریس پارٹی کو داونگیرے اور باگلکوٹ میں کامیابی حاصل ہونے کا پورا یقین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پیر سے انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور بعد ازاں 5 اپریل کو کیرالا میں بھی انتخابی مہم کے لیے جائیں گے۔
سدارامیا نے واضح کیا کہ ضمنی انتخابات اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی ہائی کمان اجازت دے تو وہ آئندہ دو برس تک بجٹ پیش کرتے رہیں گے۔
ریاست میں ڈرگس کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے منشیات کے خلاف مہم شروع کر دی ہے اور کرناٹک کو ڈرگس سے پاک بنانا اولین ترجیح ہے۔ میسورو میں ڈرگس نیٹ ورک کے انکشاف کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک سگنلز کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سگنلز ٹریفک کو منظم بنانے کے لیے نصب کیے گئے ہیں، تاہم عوامی شکایات کا جائزہ لے کر مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔