بنگلورو، 4/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک حکومت کی جانب سے نافذ کردہ پانچ گارنٹی اسکیموں کے سماجی و معاشی اثرات پر ملک و بیرونِ ملک کے پانچ معروف تحقیقی اداروں نے جو مطالعاتی رپورٹس تیار کی ہیں، ان کے نتائج اور تجاویز کو مختلف سرکاری محکموں، ماہرینِ تعلیم اور پالیسی ساز اداروں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے 5 نومبر 2025 کو ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس ہوٹل تاج ٹرینیٹی، ایم جی روڈ، بنگلورو میں منعقد ہوگا۔وزیراعلیٰ سدارامیا اس پروگرام کا افتتاح کریں گے اور افتتاحی خطاب بھی کریں گے۔
اس پروگرام میں ڈاکٹر سومیاسوامی ناتھن، صدر ایم ایس سوامی ناتھن ریسرچ فاؤنڈیشن، کلیدی خطاب کریں گی، جب کہ ڈاکٹر شالنی رجنیش، چیف سکریٹری، کرناٹک، سرکاری گارنٹی اسکیموں کے پالیسی فریم ورک کی وضاحت پیش کریں گی۔یہ پروگرام فائنانشیل پالیسی انسٹیٹیوٹ کی زیرِ نگرانی منعقد کیا جا رہا ہے، جو کہ محکمہ خزانہ کے تحت ایک ریسرچ ادارہ ہے۔
ایف پی آئی نے اس مطالعے کے لیے پانچ تحقیقی اداروں کے ساتھ اشتراک کیا ہے، جن میں شامل ہیں ،کنگز کالج لندن، ایکس کے ڈی آر فورم، ممبئی ،عظیم پریم جی یونیورسٹی، بنگلورو ،لوک نیتی – سی ایس ڈی ایس، نئی دہلی ،انڈس ایکشن اور جسٹ جابز نیٹ ورکس ۔ان اداروں نے کرناٹک کی پانچ بڑی گارنٹی اسکیموں — جیسے گروہا لکشمی، شکتھی، انابھاگیا، گرہا جیوتی اور یوا نیدھی — پر تفصیلی مطالعہ کیا ہے تاکہ ان کے معاشی اثرات، سماجی رسائی، اور انتظامی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
پروگرام میں مختلف تکنیکی سیشنز ہوں گے، جن میں ای۔گورننس کے کردار، اسکیموں کے اثرات کی جانچ، شکتھی اسکیم کے اثرات اور ماہرین کی پینل ڈسکشنز شامل ہوں گی۔ان اجلاسوں میں حکومتِ کرناٹک کے اعلیٰ افسران، محققین اور مختلف یونیورسٹیوں کے ماہرین شرکت کریں گے۔
اختتامی اجلاس سے ڈویلپمنٹ کمشنر و ایڈیشنل چیف سکریٹری محترمہ اوما مہادیون خطاب کریں گی، جبکہ پرنسپل سکریٹری فنانس ریتیش کمار سنگھ صدارت کریں گے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ پروگرام نہ صرف پانچ تحقیقی اداروں کی رپورٹس پر مبنی قیمتی معلومات فراہم کرے گا بلکہ گارنٹی اسکیموں کے پالیسی ڈیزائن، نفاذ اور متوقع اثرات کے جامع جائزے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔