ہاویری، 5/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک کے ضلع ہاویری میں ایک نجی مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم خوش قسمتی سے بس میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔
ذرائع کے مطابق یہ حادثہ رانی بیننور تعلقہ کے قریب دیورگڈا گاؤں کے پاس ریاستی شاہراہ پر پیش آیا۔ بس بنگلورو سے گدگ جا رہی تھی کہ راستے میں اچانک اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
اطلاع کے مطابق بس کے عملے نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی، جبکہ ڈرائیور پکیراپا کی بروقت حاضر دماغی کے باعث بس میں سوار 17 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رانی بیننور دیہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معائنہ شروع کر دیا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے، تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔