بنگلورو، 29 اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) نے بغیر ٹکٹ سفر اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مارچ 2026 کے دوران ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر جانچ مہم چلائی۔ اس مہم کا مقصد ٹرانسپورٹ نظام میں شفافیت برقرار رکھنا اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال کو روکنا بتایا گیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق اس دوران ریاست اور پڑوسی علاقوں میں چلنے والی مجموعی طور پر 42,395 بسوں کی جانچ کی گئی۔ اس عمل میں 4,260 بے ضابطگیوں کے معاملات سامنے آئے، جبکہ 4,265 مسافروں کو بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ان مسافروں سے مجموعی طور پر 8,16,375 روپے بطور جرمانہ وصول کیے گئے۔
حکام نے مزید بتایا کہ جانچ کے دوران 1,21,633 روپے کی مالی بے قاعدگی (پلفریج) بھی سامنے آئی، جس کے بعد متعلقہ عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کو کارپوریشن کی جانب سے نظم و ضبط قائم رکھنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
کارپوریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بسوں میں سفر کے دوران لازمی طور پر درست ٹکٹ یا پاس حاصل کریں، تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے اور ٹرانسپورٹ نظام کو شفاف اور منظم بنانے میں تعاون کیا جا سکے۔