ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں خواتین کی خود مختاری اور تحفظ کے لیے بڑے اقدامات – ’گرہالکشمی سنگھ‘ اسکیم کا دائرہ وسیع

کرناٹک میں خواتین کی خود مختاری اور تحفظ کے لیے بڑے اقدامات – ’گرہالکشمی سنگھ‘ اسکیم کا دائرہ وسیع

Mon, 07 Jul 2025 17:16:27    S O News

بیدر، 7 جولائی (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں خواتین کی معاشی خودمختاری اور تحفظ کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال، محترمہ لکشمی ہیببالکر نے بیدر میں کلبرگی ڈویژن کی سطح پر منعقدہ دو روزہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 30 سے 40 لاکھ ’’گرہالکشمی سنگھ‘‘ یعنی خواتین کے خود امدادی گروہوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ رواں مالی سال میں صرف کلبرگی ڈویژن کے لیے ’گرہالکشمی اسکیم‘ کے تحت 10,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ریاست کی کوئی بھی مستحق خاتون اس اسکیم سے محروم نہ رہے۔

وزیر موصوفہ نے مزید بتایا کہ اکتوبر 2025 میں آنگن واڑی مراکز کی گولڈن جوبلی (پچاسویں سالگرہ) منائی جائے گی، جس کے موقع پر ’گرہالکشمی سنگھ‘ اسکیم کو مزید وسعت دی جائے گی، اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

خواتین کے تحفظ کے تعلق سے وزیر موصوفہ نے بیدر ضلع کی پہل ’’اکا دستہ‘‘ کی سراہنا کی، جو لڑکیوں کی حفاظت کے لیے اسکول، کالج، ہاسٹل اور پارکوں میں سرگرم خواتین پولیس اہلکاروں پر مشتمل 10 رکنی ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماڈل کو ریاست بھر میں نافذ کرنے کے لیے وہ وزیر داخلہ سے بات چیت کریں گی۔

اس موقع پر محترمہ لکشمی ہیببالکر نے معذور افراد میں محکمہ خواتین و اطفال بہبود کی مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت امدادی اشیاء بھی تقسیم کیں۔

اس اہم اجلاس میں محکمہ کی سکریٹری ڈاکٹر شاملا اقبال، ضلع کلکٹر شلپا شرما، ضلع پنچایت کے سی ای او گریش بڈولے، پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گنٹی، محکمہ کے ڈائریکٹر راگھویندر، معذورین کے حقوق سے متعلق ریاستی کمشنر داس سوریہ ونشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔


Share: