بنگلورو، 6/ اگست (ایس او نیوز / ایجنسی)آزادی کے جشن کے موقع پر بنگلورو کے تاریخی لال باغ میں 218 واں سالانہ پھل و پھولوں کی نمائش (فلاور شو) اس سال 7 اگست سے شروع ہو رہی ہے، جو 18 اگست 2025 تک جاری رہے گی۔ اس بار کی نمائش کو ویرا رانی کِتّور چِنّما اور کرانتی ویر سنگولّی راینّا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔ تاریخی گلاس ہاؤس میں منعقد ہونے والی اس بارہ روزہ نمائش میں مختلف اقسام کے 1.75 لاکھ سے زائد نایاب پھول اور پودے توجہ کا مرکز ہوں گے۔
محکمہ باغبانی و ریشم کی سیکریٹری ڈاکٹر شاملا اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران اس عظیم الشان ایونٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 7 اگست کی صبح 10 بجے وزیر اعلیٰ سدارمیا اس نمائش کا افتتاح کریں گے، جبکہ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزیر باغبانی ایس ایس ملیکارجن، وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی مہمانِ خصوصی ہوں گے، اور ایم ایل اے اُدے بی گروڈا تقریب کی صدارت کریں گے۔
ڈاکٹر شاملا کے مطابق انڈو۔امریکن ہائبرڈ سیڈز کمپنی کی جانب سے خصوصی پھولوں کی آرائش اس بار نمائش کا خاص پہلو ہوگی۔ گلاس ہاؤس کے داخلی راستے پر پھولوں سے آراستہ رانی چنمّا اور سنگولّی راینّا کے مجسمے رکھے جائیں گے، جب کہ گلاس ہاؤس کے مرکز میں کِتّور فورٹ کا ماڈل پھولوں کے ذریعے تیار کیا جائے گا۔
نمائش کے دوران مختلف مقابلے بھی منعقد ہوں گے، جن میں اِکِیبانہ، سبزی کٹّرائی، بونسائی، ڈچ فلاور ڈیزائن، تھائی آرٹ اور جانوروں کی تھیم پر مبنی پھولوں کی ترتیب شامل ہیں۔ ان مقابلوں کا افتتاح 9 اگست کو آرتی کرشن کریں گی، جبکہ فاتحین کو انعامات 16 اگست کو ڈاکٹر ایم ایچ مرّی گوڑا ہال، لال باغ میں دیے جائیں گے۔ منتظمین کے مطابق اس بار تقریباً 9 سے 10 لاکھ شائقین کی شرکت کی توقع ہے۔
محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر ڈی ایس رمیش نے سیکیورٹی اور نظم و ضبط کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ لال باغ میں پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد رہے گی، اور صرف ہنگامی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ نمائش کے دوران 136 سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹرز، ہینڈ ہیلڈ اسکینرز، اور چاروں داخلی راستوں کو یکساں سیکیورٹی نیٹ ورک سے جوڑ کر مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
داخلہ فیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ عام دنوں میں ٹکٹ 80 روپے، تعطیلات کے دنوں میں 100 روپے، اور 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسکول یونیفارم میں آنے والے طلبہ کو (سوائے چھٹی کے دنوں کے) مفت داخلہ دیا جائے گا۔ آن لائن ٹکٹیں ویب سائٹ (https://hasiru.karnataka.gov.in/floweshow/login.aspsx) پر دستیاب ہیں، جنہیں کیو آر کوڈ کے ذریعے موبائل پر دکھا کر براہِ راست داخلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
زائرین کے لیے پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس میں گاڑیوں کے لیے شانتی نگر بس اسٹینڈ کی ملٹی لیول پارکنگ، ہاپ کامس گراؤنڈ، اور جے جی روڈ بی بی ایم پی پارکنگ شامل ہیں، جبکہ دو پہیہ گاڑیوں کے لیے الامین کالج کے احاطے میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔
ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی لاکھوں شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے، جس کے لیے محکمہ باغبانی نے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔