بنگلورو، یکم جون (ایس او نیوز / ایجنسی)کرناٹک میں بدعنوانی کے خلاف کارروائی کے تحت لوک آیوکتہ حکام نے ہفتہ کے روز ریاست کے مختلف اضلاع میں سرکاری افسران کے ٹھکانوں پر بیک وقت چھاپے مارے۔ یہ کارروائی آمدنی سے زائد اثاثوں کے سلسلے میں کی گئی۔
بیلگاوی میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ہنومنترائے کی قیادت میں لوک آیوکت کی ٹیم نے دیوراج ارس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ضلعی منیجر سدھلنگپا باناسی سے منسلک تین مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ حکام کے مطابق ودیانگر اور بیککیری گاؤں میں واقع جائیدادوں کی تلاشی لی گئی۔
دھارواڑ میں بھی لوک آیوکت حکام متحرک رہے اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) کے چیف انجینئر ایچ سریش کے رہائشی اور دفتری احاطوں پر چھاپے مارے گئے، جو کے سی ڈی گنپتی مندر کے قریب واقع ہیں۔
ادھر کلبرگی میں، بلاری اور کلبرگی لوک آیوکت یونٹس کی مشترکہ ٹیموں نے پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹو انجینئر امین مختار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بلاری میں ان سے منسلک مختلف احاطوں پر تلاشی لی۔ اس دوران حسین گارڈن میں واقع ان کے گھر اور ایشون مال میں موجود ایک اپارٹمنٹ کی بھی تلاشی لی گئی۔
ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران کئی اہم دستاویزات، جائیداد سے متعلق کاغذات اور ممکنہ غیر محسوب اثاثوں کے شواہد اکٹھا کیے گئے ہیں۔ لوک آیوکت کی کارروائیاں جاری رہنے کا امکان ہے۔