ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو کے قریب سورتکل ساحل پر جوڑے کو ہراساں کرنے والے ملزم نے کی خودکشی

منگلورو کے قریب سورتکل ساحل پر جوڑے کو ہراساں کرنے والے ملزم نے کی خودکشی

Tue, 27 Oct 2026 17:09:29    S O News

منگلورو، 27/ اکتوبر (ایس او نیوز)ساحل سمندر پر ایک جوڑے کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں نامزد ایک نوجوان نے سورتکل پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کر لی ۔

پولیس ذرائع کے مطابق جوڑے سے متعلق یہ واقعہ اتوار کی رات 25 اکتوبر کو پیش آیا تھا جب ساحل سمندر پر ایک گروہ نے مبینہ طور پر ایک جوڑے کو روکا اور ہراساں کیا تھا ۔

شکایت موصول ہونے پر سورتکل پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں مذکورہ نوجوان اور دیگر کئی افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ چونکہ مبینہ جرائم کی سزا تین سال سے کم تھی اس لیے پولیس نے نوجوان کو گرفتار نہ کرتے ہوئے قانونی ضابطے کے مطابق اسے تفتیش کے لیے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا ۔

بتایا جاتا ہے کہ آج صبح اہل خانہ نے نوجوان کو اپنے گھر میں چھت سے لٹکا ہوا پایا ۔ اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے لے جایا گیا لیکن وہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا ۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ ملا ہے جس میں نوجوان نے تحریر کیا ہے کہ اس کی موت کے لیے کوئی اور ذمہ دار نہیں ہے اور وہ اپنے اس فیصلے کا خود ذمہ دار ہے ۔

سورتکل پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، ابتدائی تفتیشی کارروائی مکمل کی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ۔ اس غیر فطری موت کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہےاور مزید تفتیش جاری ہے۔ 


Share: