منگلورو، یکم فروری (ایس او نیوز) کتھار کے قریب مولیہتلو میں کل شام حادثاتی طور پر آگ لگنے سے ایک گھر جل کر خاکستر ہوگیا جس سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ 40 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق آگ میں تباہ ہونے والا گھر شاردا بابو ہجاری کی ملکیت تھا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ آگ الیکٹرک شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے بھڑکی ہوگی جس کے نتیجہ میں گھر کے اندر موجود زیورات، بڑھئی کے اوزار اور گھریلو ساز و سامان کے علاوہ اہم دستاویزات بھی جل کر خاک ہوگئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ گھر کی مالکن شاردا پجاری اس سے پہلے میں ایک حادثے میں زخمی ہوئی تھی اور پیر میں فریکچر کی وجہ سے وہ چل نہیں پاتی اس لئے وہ حادثے کے دن علاج کے لئے پولالی میں اپنی بیٹی کے گھر پر مقیم تھی ۔ جبکہ شاردا دو بیٹوں میں سے ایک کارپینٹر اور دوسرا پینٹر کا کام کرتا ہے اور وہ دونوں گھر کو قفل لگا کر کام پر گئے ہوئے تھے ۔ اس طرح کسی بھی قسم کے جسمانی نقصان کا خطرہ ٹل گیا ۔
کہا جاتا ہے کہ آتشزدگی میں گھر جل کر تباہ ہونے کے بعد اس مکین اس حد تک بدحال ہوگئے ہیں کہ ان کے جسم میں پہنے ہوئے کپڑوں کے علاوہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں بچا ہے ۔
الال پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور اس معاملے میں کیس درج کر لیا ہے ۔